سینیٹ انتخابات میں حمایت، یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ووٹ مانگ لیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سینیٹ الیکشن میں متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سے بھی حمایت کا ووٹ مانگ لیا۔یوسف رضا گیلانی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وہ 3 مارچ کے سینیٹ الیکشن کے لیے انہیں ووٹ دیں، آج کیے گئے فیصلے مستقبل کی سمت طے کریں گے۔سابق وزیر اعظم نے خط میں کہا کہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا، 1985ء سے پارلیمان کا حصہ ہوں، 4 دہائیوں کا سیاسی سفر سب کے سامنے ہے۔انہوں نے خط میں تحریر کیا کہ بطور وزیراعظم حزب اختلاف کیلئے

وزیراعظم ہاؤس کے دروازے کھلے رکھے، سینیٹ الیکشن کے لئے یکجہتی کی ضرورت ہے۔یوسف رضا گیلانی نے خط میں مزید کہا کہ پارلیمان کے تقدس کے لیے اکٹھے ہونا ہے، سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوریت کا حسن ہیں، الیکشن اپنی انا کی تسکین یا کسی حکومت کے خلاف نہیں لڑ رہا۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے 3 مارچ کو میری زندگی اور کردار کو مدنظر رکھ کر ارکان فیصلہ کریں گے۔گیلانی کا ارکان قومی اسمبلی کے لیے لکھا گیا خط وزیراعظم عمران خان کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔دوسری جانب سینیٹ انتخابات 2021 میں امیدواروں کی کامیابی کے لیے وزیر اعظم عمران خان متحرک ہو گئے اور پارلیمنٹ کے چیمبرمیں ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں میں شکوے شکاتیں سننا شرو ع کردیں۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن کیلئے جوڑ توڑ اور رابطے عروج پر پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر پہنچے اور ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں شروع کر دیں، جس میں ارکان کے شکوے شکاتیں سنی۔وزیراعظم سے معاون خصوصی سیاسی اموراورچیف وہپ عامرڈوگر ، گورنرپنجاب چوہدری سرور کی ملاقات ہوئی جبکہ خواتین ممبران اسمبلی عظمیٰ جدون،شاندانہ گلزار،نفیسہ خٹک نے ملاقات کی۔عمران خان نے سابق فاٹا کے ایم این ایز سے بھی ملاقات کی ، جس میں ایم این ایز نے وزیراعظم سےسینیٹ الیکشن کےموضوع پرتبادلہ خیال کیا اور سابق فاٹا کے تمام ایم این ایز نے حکومتی امیدوار کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آزادایم این اےنواب اسلم بھوٹانی کی بھی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سینیٹ الیکشن پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں