نوجوت سنگھ سدھو نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر و ممتاز سیاسی رہنما نوجیت سنگھ سدھو نے مجوزہ انٹرنیشنل کبڈی مقابلوں کے موقع پر دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے ۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا سرور نے کہا کہ کورونا کے باعث کبڈی کے ایونٹس قومی اور بین الاقوامی سطح پر تاحال بند ہیں تاہم پاکستان کبڈی فیڈریشن جلد قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز کرے گی، آئندہ ایشیاء اور کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جب کہ سیف گیمز میں بھی کبڈی کا ایونٹ شامل کیا گیا ہے ۔رانا سرور کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب انٹرنیشنل کبڈی

ٹورنامنٹ اور کرتار پور راہداری میں بھارتی اور پاکستانی ٹیموں کے مابین مقابلے ہوں گے، روزانہ کی بنیاد پر دونوں روایتی حریف وہاں مدمقابل ہوں گے، بھارتی ٹیم کے ساتھ معروف سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی آئیں گے، روزانہ میچ کے بعد بھارتی ٹیم واپس اپنے ملک جائے گی اور پھر اگلے روز میچ کھیلنے واپس آئے گی، دونوں ممالک کی کبڈی فیڈریشنز میں معاملات طے پا گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، وفاقی حکومت اور ملٹی نیشنل اداروں سے درخواست ہے کہ روایتی کھیل کی سرپرستی کریں، بھارتی پروکبڈی لیگ کا بجٹ 8 ہزار کروڑ روپے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں