عمرہ کی ادائیگی اور مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کیلئے مکہ آنے والوں کیلئے سخت شرائط رکھ دی گئیں

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی حکومت نے عمرہ اور مسجد الحرام کی غرض سے مکہ مکرمہ آنے والے مقامی افراد اور غیر ملکیوں پر اہم شرائط عائد کر دی ہیں، جن کو پورا کیے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سعودی محکمہ امن عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم تارکین اور سعودی شہری جو مسجد الحرام میں نماز پڑھنا چاہتے ہیں یا عمرہ کی غرض سے آنا چاہ رہے ہیں، انہیں اعتمرنا ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کروانا ہو گی۔جس کے بعد ہی انہیں مکہ مکرمہ آنے کی اجازت ہو گی۔ محکمہ امن عامہ کی جانب سے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ پہلی اہم شرط یہ

ہے کہ اجازت نامے میں درج دن اور وقت کی پابندی کرنا ہو گی۔ یعنی جس روز کے لیے عمرہ یا مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کا اجازت نامہ جاری ہوا ہے، اسی روز ہی آنا ہو گا اور اجازت نامے پر درج وقت کی بھی پابندی کرنا ہو گی۔اگر کوئی شخص مقررہ تاریخ یا وقت پر نہیں پہنچے گا تو اسے اگلے روز یا بعد میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگئی۔ایسی صورت میں اسے نئے سرے سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔ مکہ کے داخلی راستوں پر تعینات روڈ سیکیورٹی فورس کے اہلکار اجازت نامے پر درج تاریخ اور وقت چیک کرنے کے بعد ہی مکہ میں داخلے کی اجازت دیں گے۔روڈ سیکیورٹی فورس کی جانب سے انتباہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو اعتمرنا ایپ میں رجسٹریشن کے بغیر عمرے اور مسجد الحرام میں نماز کے لیے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی مکہ میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اعتمرنا ایپ کے ذریعے کسی شخص کا شناختی کارڈ اور اجازت نامہ دونوں چیک کریں گے۔ تسلی ہونے کی صورت میں ہی اس شخص کو جانے کی اجازت ہو گی۔ دوسری جانب مسجد نبوی میں آنے والے تمام نمازیوں پر ایک اہم پابندی لگا دی گئی ہے۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ نے نمازیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ بچوں کو نہ لائیں۔ مسجد نبوی کے ترجمان ’جمعان العسیری‘ نے کہا ہے کہ مسجد نبوی میں آنے والے زائرین اور نمازی چھوٹے بچوں کو اپنے ہمراہ نہ لائیں۔

اس پابندی کا مقصد کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کرانا ہے۔ العسری نے مزید کہا کہ موسم سرما کی تعطیلات کے دوران ہزاروں زائرین دیگر شہروں سے مسجد نبوی آ رہے ہیں، ان کی زیارت اور عبادت کی خاطر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ تاہم انہیں روضہ اطہر پر حاضری دینے کے لیے ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اعتمرنا ایپ سے پیشگی رجسٹریشن کروانی ہو گی۔ تاکہ انہیں موقع پر اندر آنے سے روکا نہ جائے۔ زائرین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی صحت کے تحفظ کی خاطر انہیں مسجد میں نہ لائیں۔ سماجی فاصلے اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ اس مقصد کے لیے فرش پر سماجی فاصلے کی نشاندہی کرنے والے نشانات لگا دیئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں