ملتان سلطان نے پی ایس ایل 6کیلئے کس کوکپتان مقرر کردیا، جانئے

لاہور(نیوز ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان و وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان کی تقرری کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے۔سلطانز کی کپتانی ملنے پر محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان کی قیادت کرنے کو تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کا گزشتہ سیزن بہترین رہا، بطور کپتان کوشش ہوگی ٹیم کی کارکردگی مزید بہتر بناؤں۔ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین نے کہا کہ محمد رضوان نے حالیہ

ڈومیسٹک سیزن میں شاندار قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، شان مسعود کی کپتانی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔محمد رضوان نے اس موقع پر کہا کہ ملتان سلطانز کی قیادت ملنے پر پرجوش ہوں، سینیئر کرکٹرز کی موجودگی میں ٹیم کامبی نیشن اچھا بنے گا۔خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد رضوان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔قومی ٹیم کے نائب کپتان نے تین میچوں میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 197 رنز بنائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 147 جب کہ او سط 95.32 رہی۔ یاد رہے کہ این سی او سی نے پی سی بی کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 20 فیصد تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی تھی۔ ہر میچ کے دن نیشنل سٹیڈیم کے اندر تقریبا 7500 شائقین کو رسائی کی اجازت ہوگی جب کہ قذافی سٹیڈیم میں 5500 کے قریب تماشائی شرکت کرسکیں گے۔ پی ایس ایل 6 کا آغاز پہلے سے ریکارڈ شدہ افتتاحی تقریب سے ہوگا جس کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں