ابرارالحق کا محمد علی سدپارہ کا دیرینہ خواب پورا کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) گلوکار وسیاست دان ابرارالحق نے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا دیرینہ خواب پورا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔گلوکاراورپاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرکہا کہ انہیں یہ ابھی معلوم ہوا کہ پاکستان کے کوہ پیما محمد علی سدپارہ اپنے گاؤں میں اسکول بنوانا چاہتے تھے۔گلوکارنے کہا کہ علی سدپارہ کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ان کے گاؤں میں اسکول بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو جلد قیام پزیرہوگا۔واضح رہے کہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والے پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور دو ساتھیوں کا 9 روز بعد بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

علی سدپارہ اور ساتھی کوہ پیماؤں کی تلاش میں نہ صرف جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے بلکہ پاک فوج نے ریسکیو ہیلی کاپٹرز اور سی 130 جہازوں کے علاوہ ایف 16 جنگی طیاروں سے بھی دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کے علاقے کے فوٹو گرافک سروے اور سرچنگ میں مدد فراہم کی ہے۔ان کی تلاش میں آئس لینڈ کی خلائی ایجنسی نے سٹیلائٹ کی جدید ٹیکنالوجی سے علاقے کی تصاویر بنائیں اور کئی مایہ ناز کوہ پیمائوں کی جانب سے زمینی سرچ آپریشن بھی کیا گیا لیکن علی سدپارہ اور ساتھیوں کا سراغ نہیں مل سکا۔علی سدپارہ کی فیملی اور گلگت بلتستان حکام کی طرف سے آج پریس کانفرنس کیے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں