خوفناک دھماکے نے زمین ہلادی، 100 سے زائد ٹینکر تباہ، اربوں ڈالر کا نقصان

کابل (نیوز ڈیسک)ترجمان گورنر ہرات نے گزشتہ روز ہونے والے گیس ٹینکر کے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے بھاری نقصان ہوا۔گورنر ہرات کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے 100 سے زائد ٹینکر تباہ ہوئے اور 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ادھر سربراہ ہرات چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ ٹینکر پھٹنے سے لگنے والی آگ سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ٹینکر پھٹنے سے لگی آگ سے ایران سے آنے والی 132 کلو واٹ پاور ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچا تھا، پاور ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچنے سے ایران سے ہرات آنے والی بجلی معطل ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے باعث ہرات کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔خیال رہے کہ ٹینکر ایرانی بارڈر کے قریب ہرات کے علاقے اسلام قلعہ کی کسٹمز پوسٹ پر دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ گیس ٹینکر پھٹنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔مذکورہ صورتحال کی نگرانی کرنے والے ایک مغربی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ واقعے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد زخمی ہوئے، افغان حکام نے زخمیوں کی تعداد کم بتائی لیکن ساتھ ہی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا۔ایرانی سرحد کے پار علاقائی ایمرجنسی عہدیدار محسن نجات نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جائے وقوع پر 21 ایمبولینسز اور 20 فائر ٹرکس روانہ کیے۔دوسری جانب ایک ایرانی عہدیدار نے نیم سرکاری خبررساں ادارے اثنا سے گفتگو میں بتایا کہ گیس اور ڈیزل لے جانے والی 300 سے زائد گاڑیاں پھٹ گئیں۔انہوں نے کہا اس بات کا علم نہیں کہ ان گاڑیوں کے ڈرائیورز بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں