اسلام آباد میں چیمبرز گرانے کے معاملہ، وکلاء ایک بار پھر بپھر گئے،ڈی چوک بلاک کردیا

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں وکلا کے غیر قانونی چیمبرز گرائے جانے کے معاملے پر وکلا ایک بار پھر بپھر گئے۔اسلام آباد میں غیر قانونی چیمبرز گرائے جانے کے خلاف وکلا ایک بار پھر سراپا احتجاج ہیں،اسلام آباد بارکونسل اورڈسٹرکٹ بار کے وکلا اپنے ساتھی وکلا کے چیمبرز گرائے جانے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جب کہ وکلا کی بڑی تعداد ڈی چوک پہنچ گئی اور انہوں نے ڈی چوک بلاک کردیا۔وکلا کے احتجاج کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ وکلاکو پارلیمنٹ ہاؤس جانے سے روکنے کےلیے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔

واضح رہےکہ چند روز قبل اسلام آباد میں وکلا کے چیمبرز گرائے جانے کے خلاف مشتعل وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے ہائیکورٹ پر دھاوا بول دیا تھا اور اس موقع پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ بھی اپنے چیمبر میں محصور ہوگئے تھے، وکلا نے ان کے چیمبر کے باہر شدید نعرے بازی کی تھی۔ انہوں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے دفتر میں بھی توڑ پھوڑ کی اور ان کیخلاف نعرے لگائے جس کے نتیجے میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اپنے چیمبر میں محصور ہوگئے اور وکلا نے چیف جسٹس سے بدتمیزی بھی کی۔بڑی تعداد میں وکلا اپنے چیمبرز گرانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نعرے بازی کرتے ہوئے داخل ہوگئے تھے۔ مشتعل وکلا چیف جسٹس بلاک میں بھی داخل ہوگئے، انہوں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے جبکہ چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ، اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس کے نتیجے میں جسٹس اطہر من اللہ اپنے چیمبر میں محصور ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں