سکیورٹی اداروں کی کاروائی ، بھارتی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ کا خطرناک منصوبہ ناکام بنادیا

پشاور (نیوز ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں سکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی کی گئی ، خفیہ اطلاعات ملنے پر کیے گئے اس کامیاب آپریشن کے دوران سیکڑوں کلو بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا۔بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی “را ” کی ایماء پر تخریب کاری کرنا چاہتے تھے جس کی سکیورٹی اداروں کو اطلاعات ملیں تو اس کے نتیجے میں خفیہ اپریشن کیا گیا جس سے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرسیکیورٹی فورسزنے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گرد ہلاک کردیے تھے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک کمپاؤنڈ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیا گیا تاہم کمپاؤنڈ کے محاصرے پردہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا اور پاک فوج کے 4 جوان زخمی بھی ہوئے ، دہشت گردوں سے ہونے والے مقابلے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار امین اللہ اورسپائی شیرضامن شامل ہیں۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی ہے، سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔ شہدا میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اور سپاہی انیس الرحمٰن شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں