عمران خان کا ملک لُوٹنے والوں کو سزا دینےکا بیانیہ اُلٹ ہوگیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئےسینئرصحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ 2014ء سے 2018ء تک ایک بیانیہ بنا تھا جو آپریشن دھبڑ دھوس بن گیا تھا۔ اس بیانیہ میں بدمعاشیہ اور معاشی دہشتگردی کے خاتمے کی بات کی گئی۔ جب ایک بیانیہ بنتا ہے تو پھر اسی بیانیے کو لے کر چلا جاتا ہے لیکن ایک وقت میں یہ بیانیہ رُک جاتا ہے۔اس وقت بھی ایسی صورتحال ہے ، ملک میں سب کچھ رکا ہوا ہے ، احتساب کا عمل بھی رُکا ہوا ہے۔ اب عمران خان جو مرضی کہہ لیں ، بیانیے کا بٹن دب چکا ہے۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں آئے گی۔

فی الوقت کے لیے لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں آئے گی، ایک چونی ایک دھیلا تک واپس نہیں آئے ۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو ریلیف دینے اور لوٹی ہوئی رقم واپس پاکستان لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد حکومتی جماعت کا یہ وعدہ بھی دیگر وعدوں کی طرح ہوا ہو گیا۔پی ٹی آئی نہ تو عوام کی لوٹی ہوئی رقم واپس لا سکی اور نہ ہی اس ضمن میں کوئی خاطر خواہ اقدامات کر سکی ۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے کئی بیانات میں سابق حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق حکمرانوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسے چوری کیے اور اپنی جائیدادیں بنائیں۔ تاہم پی ٹی آئی حکومت کے ڈھائی سال گزر جانے کے باوجود عوام کا موجودہ حکومت سے بھروسہ اُٹھ گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہونے والی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ، عوام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی جو ہمیں ریلیف دینے کی باتیں کرتی تھیں ہمیں مہنگائی کی چکی میں پسوا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں