بینک سے 5لاکھ روپے نکلوائیں اور بے فکر ہوجائیں ،شہریوں کیلئے زبردست اعلان کردیا گیا

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں پولیس نے بینکوں سے 5 لاکھ روپے نکلوانے والوں کو سکیورٹی دینے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کا فرض مدد آپ کی کے محاورے کو ایس ایچ او سائٹ نے سچ کردکھایا۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سائٹ نے بینک سے 5 لاکھ روپے یا اس سے زائد رقم نکلوانے والے شخص کو سیکورٹی فراہم کرنے کا اعلان کردیا، سائٹ ایریا کے بینکوں کے باہر پوسٹر آویزاں کردیئے گئے، بینک حکام اور سائٹ ٹریڈ ایسوی ایشن کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے کہ کوئی شہری یا تاجر 5 لاکھ روپے تک کی رقم بینک سے نکلواتا ہے تو ایک فون کال پر پانچ سے سات منٹ میں موٹرسائیکل اسکواڈ فراہم کردیا جائے گا۔

دوسری طرف مختلف بینکوں کی جانب سے اے ٹی ایم ٹرانزیکشن فیس وصول کیے جانے کی وجہ بھی سامنے آچکی ہے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق اے ٹی ایم ٹرانزیکشن کی رسید پر 2 روپے 50 پیسے کاٹنے کا فیصلہ اے ٹی ایم کا نیٹ ورک چلانے والی کمپنی ون لنک کی جانب سے کیا گیا۔جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ون لنک نے ایک مہم ’گو گرین‘ کے نام سے شروع کی ہے ، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں شامل ہونا ہے ، جس کے تحت بینک صارفین کیلئے اے ٹی ایم سے رقوم نکالنے کے بعد کاغذ کی رسید حاصل کرنے کا آپشن ان کے اختیار میں دیا گیا ہے ، لہٰذا صارفین چاہیں تو رسید حاصل کرنے کے لیے ’ہاں‘ کا بٹن دباکر رسید وصول کرسکتے ہیں جس کیلئے انہیں 2 روپے 50 پیسے ادا کرنا ہوں گے ، اے ٹی ایم سے رسید لینے پر یہ ڈھائی روپے تمام بینک نہیں کاٹ رہے بلکہ ابھی صرف چند بینکوں کی جانب سے ہی ایسا کیاجا رہا ہے۔میڈیا رپورٹ میں ون لنک ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’گو گرین‘ مہم کے تحت یہ اقدام معاشرے میں پرنٹڈ کاغذ کے استعمال کو کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا کیوں کہ صارف عام طور پر یہ رسید ضائع کردیتے ہیں تاہم سٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے رسید لازمی طور پر حاصل کرنے کی کوئی شرط عائد نہیں کی گئی اور یہ صارفین کا اختیار ہے کہ وہ رسید حاصل کریں یا ایس ایم ایس کے ذریعے اکاؤنٹ کی تفصیل دیکھیں جس پر انہیں کسی بھی قسم کے چارجز نہیں دینے ہوں گے جب کہ رسید لینے پر انہیں 2 روپے 50 پیسے ادا کرنا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں