ایم پی سی ایل اور اخوت نے ’’ سربلند‘‘ مائیکرو لونز کیلئے باہمی اشتراک کر کیا

اسلام آباد(پی کے نیوز)ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے کمپنی کی معاشی خودمختاری کے اقدامات کے تحت اخوت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ ’’سربلند‘‘ چھوٹے قرضہ جات کی سکیم کے عمل کو آسان اور قابل عمل بنایا جاسکے۔ مفاہمت کی یادداشت پر ایم ڈی / سی ای او ماری پٹرولیم، فہیم حیدد اور ڈاکٹر امجد ثاقب بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت نے دستخط کیے، دستخطوں کی اس تقریب کا انعقاد منگل، 9 فروری 2021 کو ماری پٹرولیم کے ہیڈ آفس میں کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ انتظامی عہدیداروں نے شرکت کی۔اس پائلٹ پراجیکٹ ’’سربلند‘‘ کا آغاز میانوالی سے کیا جارہا ہے جہاں پر اخوت ایسیسمنٹ ٹیم کے تصدیق شدہ مستحقین کو چھوٹے کاروبار کیلئے 12ماہ کے بالاسود قرضے دیے جا ئیں گے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب، بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت نے غیرمراعات یافتہ طبقے کی مالی معاونت کیلئے اٹھائے گئے اس اقدام اور ماری پٹرولیم کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ طویل المدتی اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو قائم رکھنے کیلئے کاوشوں کو جاری رکھا جائے۔اس موقع پر ایم ڈی/سی ای او ماری پٹرولیم، فہیم حیدد نے اخوت کی اس بڑی کامیابی پر مبارکباد پیش کی انہوں نے دنیا کے اس سب سے بڑے بلاسود چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے آغاز میں ڈاکٹر امجد ثاقب کے کردار کی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کو کمپنی اپنے فرائض کا اہم حصہ سمجھتی ہے، جس پر عمل ادارے کے معاشرے کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی میں بہتری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں