اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ

اسلام آباد ( پی کے نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں ایک وفد نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا تاکہ اس کے منصوبوں میں نجی شعبے کیلئے تعاون کے امکانات کو تلاش کیا جاسکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان، شکیل منیر، محبوب احمد خان، عثمان خالد،جاوید اقبال، عمیس خٹک، چوہدری اشرف فرزند، بابر چوہدری، چوہدری عرفان، ملک محسن خالد، نثار لنگا، خالد چوہدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلاکے چیئرمین میجر جنرل سید عامررضا نے اپنی ٹیم کے ساتھ آئی سی سی آئی کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور ایچ آئی ٹی کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے چیمبر کے وفد کو ایچ آئی ٹی کے مختلف پیداواری شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا 70کی دہائی میں قائم کی گئی تھی اوراب ترقی کر کے پاکستان کی دفاعی صنعت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی ٹی الخالد سمیت مختلف ٹینک، ٹینگ گنیں اور دفاعی گاڑیوں سمیت دیگر مصنوعات تیار کر نے میں موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی ٹی کے چھ پیداواری یونٹس ہیں جن میں مختلف دفاعی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایچ آئی ٹی کا ایک جدید ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر بھی ہے جو تحقیق و ترقی کے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخالد ٹینک ایچ آئی ٹی کی نمایاں پیداوار جس پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے اور جس کو دنیا میں تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی ٹی میں لینڈ روورز اور لینڈ کروزر سمیت دیگر دفاعی گاڑیاں، پورٹیبل شیلٹرز، سٹیل سٹریکچرز، آرمرڈ چیک پوسٹیں اور دیگر کمرشل مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی ٹی اپنی فیکٹریوں کی فالتو صلاحیت کو سول سیکٹر اور دوست ممالک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے جبکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت جوائنٹ وینچرز اور کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے لہذا نجی شعبے کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ ایچ آئی ٹی کے ساتھ پارٹنرشپ کے مواقعوں کے امکانات کا جائزہ لے تا کہ نجی شعبے کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ویلیو ایڈیڈ منصوعات تیار کی جا سکیں جس سے مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو بھی بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر چیمبر کے وفد کو ایچ آئی ٹی کے مختلف پیداواری شعبوں کا دورہ کرایا گیا جن میں مینوفیکچرنگ فیکٹریاں، ریبلڈ فیکٹریاں اور امدادی سہولیات شامل تھیں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ٹینک اور دیگر دفاعی مصنوعات تیار کر کے پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے میں ایچ آئی ٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے چیمبر کے وفد کو مختلف پیداواری شعبوں کا دورہ کرانے اور دفاعی مصنوعات دکھانے پر ایچ آئی ٹی کے چیئرمین میجر جنرل سید عامر رضا اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کے وفد کا دورہ دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایچ آئی ٹی کی جدید پیداواری سہولیات اور نجی شعبے کی کاروباری صلاحیت کا باہمی امتزاج ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے، برآمدات کو فروغ دینے اور خطے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے تعاون سے ایک نیشنل لیول کی نمائش منعقد کرنے کو تیار ہے تا کہ ایچ آئی ٹی کی دفاعی مصنوعات کی برآمداتی صلاحیت کو غیر ملکی سفراء اور دیگر کے سامنے اجاگر کیا جا سکے جس سے ہماری دفاعی برآمدات میں بہتر اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی ٹی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی راہ پر گامزن ہے اور اس کے ساتھ نجی شعبے کا اشتراک مقامی پیداوار اور درآمدات کا متبادل تیار کرنے میں کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں صنعتی ترقی کا ایک نیا دور شروع کر دیا ہے لہذا ایچ آئی ٹی اور آئی سی سی آئی کا باہمی تعاون جدید صنعتی مصنوعات تیار کرنے میں مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان اوروفد کے دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نجی شعبے اور ایچ آئی ٹی کے مابین کاروباری شراکتوں کو فروغ دینے کے لئے مفید تجاویز پیش کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں