بینکوں میں اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے پر ملنے والی رسید کی بھی فیس مقرر کردی گئی

کراچی(نیوز ڈیسک)بعض بینکوں نے اے ٹی ایمز سے رسید کی وصولی پر چارجز عائد کردیئے ہیں جبکہ بیلنس معلوم کرنے پر بھی صارفین کو ادائیگی کرنا ہوگی۔بعض بینکوں نے صارفین کے اے ٹی ایمز سے کسی بھی ٹرانزیکشن کی صورت میں رسید کی وصولی پر چارجز عائد کردیئے ہیں،اس ضمن میں صارفین کا کہنا ہے کہ رسید کی وصولی پر ڈھائی روپے چارج کئے جارہے ہیں جبکہ محض بیلنس معلوم کرنے پر بھی چارجز وصول کئے جارہے ہیں۔اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک نے اے ٹی ایم رسید جاری کرنے پر چارجز عائد کرنے کوئی ہدایت نہیں کی ہے،تاہم بینک اپنی خدمات

کے عوض صارفین سے چارجز لینے میں آزاد ہیں، بینک جو بھی چارجز عائد کرتے ہیں وہ شیڈول آف چارجز میں شائع ہوتے ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے بعض خدمات پر چارجز کی حد مقرر کی ہوئی ہے، بینک اپنی خدمات کے عوض چارجز وصول کرنے کے مجاز ہیں، بشرطیکہ وہ اسٹیٹ بینک کی کسی ہدایت سے متصادم نہ ہوں۔قبل ازیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اے ٹی ایم سے محدود رقم نکالنے کی خبروں کی تردید کی تھی۔قومی بینک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر کوئی حد مقررنہیں ، پیسے نکلوانے کی حد کا فیصلہ بینک کرتے ہیں۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ مختلف بینک صارفین کو ایٹ ون ایٹ ون کے نمبرسے جعلی پیغامات موصول ہوئے۔خیال رہے کہ مختلف بینک صارفین کو 8181 کے نمبر سے جعلی پیغامات موصول ہو رہے تھے جن میں کہا جا رہا تھا کہ صارفین اے ٹی ایم سے صرف ایک ہزار روپے نکال سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں