مضبوط خاندان میں عورت محفوظ ھونے سے مستحکم معاشرہ تشکیل پاتا ہے، دردانہ صدیقی

راولپنڈی/اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پبلک ریلیشن جماعت اسلامی ویمن ونگ پاکستان کی ایگزیکٹیو باڈی کے اجلاس کی صدارت سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی صاحبہ نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ اس وقت خاندان، عورت اور مسلمان امت بحیثیت مجموعی ایک بڑی تبدیلی کی زد میں ہے،خصوصا خاندانی نظام بری طرح سے شکست و ریخت کا شکار ہو رہا ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال2020 کے ابتدائی چھ ماہ میں کراچی میں طلاق و خلع کے 14943 کیسز رجسٹرڈ ہوئے. ایک ڈیٹا رپورٹ کے مطابق ، کراچی کے ہر ضلع میں روزانہ طلاق و خلع کے چالیس کیسز رجسٹرڈ ہو رہے ہیں۔

اس سے ملتی جلتی صورتحال پاکستان کے دوسرے شہروں میں بھی ہے جو کہ پریشان کن ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان اس سال خاندان کے استحکام پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ اس مقصد کے لیے 10 فروری سے 10 مارچ تک جماعت اسلامی پاکستان،مضبوط خاندان، محفوظ عورت اور مستحکم معاشرہ کے عنوان سے ایک مہم منائے گی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق صاحب 10 فروری کو پریس کانفرنس سے مہم کا آغاز کریں گے۔ اس مہم کے تحت پاکستان کے تمام اضلاع میں سیمینار،کانفرنسز اور مشاورتی فورمز ودیگر سرگرمیاں رکھی جائیں گے۔جن میں اسلام کے نظام عفت و عصمت اورخاندانی نظام کو واضح کیا جائے گا۔عائشہ سید پریزیڈنٹ پبلک ریلیشن جماعت اسلامی ویمن ونگ وسابقہ ممبر قومی اسمبلی نے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے سب سے پہلا رشتہ میاں بیوی یعنی خاندان کا بنایا۔ میاں بیوی کا رشتہ اللہ کے نزدیک بہت اہمیت کا حامل ہے۔ جتنا ان کے درمیان محبت اور اللہ کا خوف ہوگا نسلیں اتنا ہی درست ہوں گی۔ میاں اور بیوی کے درمیان بگاڑ شیطان کا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو دو خاندان دیے ہیں۔ ایک وہ جہاں وہ پیدا ہوتا ہے اور دوسرا وہ جہاں اس کا نکاح ہوتا ہے۔ یورپ میں خاتون خاندان سے آزاد اور تنہا ہے۔ جبکہ اسلام میں خاتون رشتوں میں بندھی ہوئی ہے،وہ جہاں جاتی ہے اسے محرم کی چھتری حاصل ہوتی ہے۔وائس پریزیڈنٹ پبلک ریلیشن نائلہ سید نے کہا کہ کہ جماعت اسلامی وہ واحد تنظیم ہے جو منظم انداز میں کام کرتی ہے۔

لوگوں کو اللہ سے جوڑنا اور معاشرے کو بے راہ روی سے بچانا ہماری مہم کا حصہ ہے۔وائس پریذیڈنٹ عظمیٰ نوید نے کہا کہ ھماری قدریں- باہمی احترام اور مضبوط خاندان ھمارا امتیاز ھے۔اسے مضبوط رکھنے اور اس کے مثبت اثرات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات پبلک ریلیشن شبانہ ایاز نے میڈیا رپورٹ و استحکام خاندان پر میڈیا پلاننگ پیش کی۔حمیرا خاتون ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا اور صوبائی نگران پبلک ریلیشن KPK نے کہا کہ استحکام خاندان مہم کے تحت صوبے بھر میں سیمینار اور مشاورتی فورم اورٹی وی پر ٹاک شوز رکھے جائیں گے۔

رخسانہ غضنفر صاحبہ نگران پبلک ریلیشن شمالی پنجاب نے کہا کہ استحکام خاندان مہم کے سلسلے میں اسلام آباد، راولپنڈی کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی میرا خاندان- سائبان کے نام سے سیمینار رکھوائے جائینگے۔صائمہ نعیم نگران پبلک ریلیشن جنوبی پنجاب نے بھی صوبے کے اضلاع میں محفوظ عورت_مستحکم معاشرہ کے عنوان سے مذاکرے،سیمینار اور مشاورتی فورمز کی پلاننگ پیش کی۔اسی طرح بالترتیب عائشہ ظہیر صاحبہ نے صوبہ سندھ اور انیقہ صاحبہ نے صوبہ بلوچستان میں استحکام خاندان کے حوالے سے ھونے والوں پروگراموں کی پلاننگ اجلاس میں شرکاء کے سامنے رکھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں