ترجمان پاک فوج نے پی ڈی ایم کے الزمات کی سختی سے تردید کردی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار کا کہنا ہے کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں کیوں کہ کسی قسم کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابرافتخار کا کہنا ہے کہ ہمارا کسی قسم کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے ہورہے ہیں لہذا فوج کو سیاست میں مت کھسیٹیں، اس قسم کی قیاس آرائیاں بند ہونی چا ہییں اور بغیر تحقیق اس بارے میں بات کرنا کسی کو بھی زیب نہیں دیتا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی،

پچھلی پریس کانفرنس میں بہت سے شواہد سامنے رکھے، بھارت دنیا میں بہت حد تک بے نقاب ہو چکا ہے۔اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اور اسٹیبلشمنٹ کے رابطوں سے متعلق چہ میگوئیوں پر کیے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ سیاست سے افواج کا اس وقت کوئی تعلق نہیں ہے، کسی قسم کے بیک ڈور رابطے یا چینل نہیں استعمال کیے جارہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں ان سے پھر کہوں گا کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، ہمارے پاس سیکیورٹی سے متعلق اندرونی اور بیرونی معاملات دیکھنے کا بہت بڑا فریضہ ہے جو ہم پوری طرح سے سرانجام دے رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت، تحقیق کے اس بارے میں تبصرہ کرنا، بات کرنا میرے خیال میں کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتا ہے، اس قسم کی قیاس آرائیوں کو بند ہونا چاہیے، جو بھی اس بارے میں بات کر رہا ہے اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے، تحقیق کے مطابق کوئی چیز سامنے لاسکتے ہیں تو لے آئیں، دکھا دیں کون کس کو کال کر رہا ہے، بات کر رہا ہے۔بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کے گروہوں کی معاونت اور بلوچستان میں شرانگیزی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت بہت حد تک بےنقاب ہوچکا ہے، ہم نے جب ڈوزیئر پوری دنیا کے سامنے رکھا اور اسے پوری دنیا کے اداروں میں دیے جانے کے بعد یہ سوالات اٹھے کہ اس سے کیا فرق پڑا ہے اور کیا دنیا اس پر بات کر رہی ہے تو میں نے تب بھی کہا تھا کہ جی دنیا اس کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی گزشتہ کی پریس کانفرنس میں بہت سے شواہد سامنے رکھے اور حال ہی میں ای یو ڈس انفو لیب نے بہت کچھ عیاں کیا جبکہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ نے اس تمام مؤقف کی تائید کی ہے کہ بھارت کا اس خطے میں بہت منفی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ جس طرح کہہ رہی ہے ہم نے اس کے شواہد بہت پہلے سامنے رکھ دیے تھے اور یہ اچھی چیز ہے اور وسیع پیمانے پر اس کی تائید ہے جو ہم کہنا چاہ رہے تھے۔کوہ پیما محمد علی سد پارہ اور ٹیم کی تلاش کیلئے جاری آپریشن سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا

کہ علی سد پارہ قوم کے ہیرو ہیں۔ علی سد پارہ پچھلے72گھنٹے سے لاپتا ہیں۔ تہے دل سے دعا ہے کہ علی سدپارہ خیرپت سے ہوں۔ پچھلے2دن سے پاکستان آرمی ریسکیو آپریشن کر رہی ہے۔ علی سد پارہ کی تلاش کیلئے بہت تگ و دو کی جارہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ پرواز کی حد سے آگے جا کر ریسکیو آپریشن کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میں صلاحیت ہے کہ وہ ناممکن کو ممکن کر دکھاتی ہے، آپ لوگ امید رکھیں، کہ جلد خوشخبری سننے۔چین کی جانب سے پاک فوج کیلئے دی گئی ویکسین پر بابر افتخار نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی نے پاک فوج کو ویکسین ڈوزز فراہم کی ہیں۔ پاک فوج کو ملنے والی ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو فراہم کیجائے گی، جو اصل ہیرو ہیں۔ کرونا سے نمٹنے میں اصل ہیرو فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہیں۔ کرونا پاکستان میں بھی ایک مسئلہ بن گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں