پاک فوج نے چین سے ملنے والی ویکسین ہیلتھ ورکرز کے نام کردی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاک فوج نے چین کی پیپلزلبریشن آرمی کی عطیہ کردہ کورونا ویکسین کو قومی مہم کے لئے مختص کردیا۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل افتخار بابر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے پاک فوج کے لئے کورونا ویکسین کا عطیہ دیا ہے، اور پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جو چینی پیپلزلبریشن آرمی سے ویکسین کا عطیہ لے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے پہلے قوم کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ویکسین کا عطیہ قومی مہم کے لئے مختص کر دیا، پاک فوج کے لئے آنے والی ویکسین بھی فرنٹ

لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی، پاک فوج مشکل وقت میں ویکسین عطیہ کرنے پر پیپلزلبریشن آرمی کی شکرگزار ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہم سب کو معلوم ہے کورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، قوم نے کوروناکی صورتحال کا بہت اچھے طریقے سے مقابلہ کیا اور این سی او سی کی جانب سے بہتر طریقے سے صورتحال سے نمٹاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے ہیرو زہیلتھ ورکرز، فرنٹ لائن ورکرز ہیں، ڈاکٹرز،پیرامیڈکس نے فرنٹ لائن پر کورونا کامقابلہ کیا ، چین نے حکومت پاکستان کی طرح مسلح افواج کو بھی ویکسین کا عطیہ دیا ، چین کی جانب سے کورونا ویکسین عطیہ کرنے پر شکرگزار ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ چین سےکوروناویکسین کی پہلی کھیپ لےکرپہنچا تھا، اس کے بعد صوبوں میں اس کی ترسیل کی گئی اور عالمی وبا سے لڑنے والے فرنٹ لائن عملے کو ویکسی نیشن دینے کا عمل جاری ہے۔خیال رہے چین سائنو فارم کےمزید پانچ لاکھ ڈوز فراہم کرےگا، ویکسین کی اگلی کھیپ چوبیس گھنٹےمیں ملنےکےامکانات ہیں، ذرائع محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین اسپٹنک کو محدود وقت کیلئے درآمد کی اجازت دی جاچکی ہے اور اسے روس سے ہنگامی بنیادوں پرمنگوانےکےاقدامات کرلیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں