وزیراعظم نے اورسیزپاکستانیوں کی زمینوں سے ناجائز قبضے ختم کروانے کیلئے سخت احکامات جاری کردیئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو حکم دیا ہے کہ اورسیز پاکستانیوں کی زمینوں سے ناجائز قبضے فوری ختم کروائیں، ساری زندگی کی جمع پونجی پاکستان لانے والوں کی داد رسی کریں گے، قبضہ مافیا معاشرے کا ناسور بن چکا ہے، پنجاب میں قبضہ مافیا کیخلاف جامع آپریشن کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قبضہ مافیا سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں آئی جی پنجاب پولیس نے غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف کاروائی کی رپورٹ پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے بریفنگ میں بتایا کہ 906 ریفرنسز اور

ایف آئی آر کا اندراج رکا ہوا تھا، جس میں 895 ایف آئی آر فوری درج کرلی گئی ہیں،ایک کیس میں حکم امتناعی ہے باقی درخواستیں واپس لی جاچکی ہیں۔اجلاس میں وزیراعظم نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو صوبے بھر میں بلاامتیاز آپریشن کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبضہ مافیا معاشرے کا ناسور بن چکا ہے،ساری زندگی کی جمع پونجی پاکستان لانے والوں کی داد رسی کی جائے، اورسیز پاکستانیوں کی زمینوں سے ناجائز قبضہ فوری ختم کروائیں۔ قبضہ مافیا کیخلاف انکوائری کی رپورٹ ہر ہفتے پیش کی جائے۔مزید برآں وزیراعظم نے نظامِ حکومت کے حوالے سے اجلاس میں کہا کہ عوام کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جبکہ عوام اور حکومت کے درمیان تعلق کو مستحکم کیا جائے گا۔ اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، ہرشعبے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے فوری ایکشن لیا جائے۔شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور توجہ دی جائے۔ عوام کو مفاد پرست عناصر کے پروپیگنڈے سے محفوظ رکھا جائے۔ اسی طرح وزیرِ اعظم نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ میں غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں لہذا اس حوالے سے تمام تر ضروری انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ زیر غور تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں