عمران خان کے درینہ دوست وسیم اکرم نے سینیٹ ٹکٹ لینے کیلئے درخواست کردی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سینیٹ انتخابات میں ٹکٹ لینے کی کوشش پر سیاسی حلقوں میں سابق جسٹس قیوم کی رپورٹ کی ایک بار پھر بازگشت ہونے لگی، سابق جسٹس قیوم کی رپورٹ میں سنگین الزامات کے باوجود قومی کرکٹ کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سینیٹ ٹکٹ لینے کے لیے درخواست دے دی ہے، جبکہ رپورٹ میں سنگین الزمات پر وسیم اکرم کو کوئی اہم عہدہ دینے سے منع کیا گیا تھا، سیاسی و سماجی اور کرکٹ شائقین میں چہ مگوئیاں گردش کررہی ہیں کہ کیا وزیراعظم عمران خان اپنے دیرینہ دوست کے لیے جسٹس قیوم کی رپورٹ کو نظر انداز کر دیں گے؟ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ملک بھر

میں سینیٹ انتخابات کے پیش نظر حکومتی جماعت سمیت اپوزیشن جماعتوں نے بھی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔اس حوالے سے سیاسی جماعتوں میں سینیٹ انتخابات کے اُمیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے جا رہے ہیں جبکہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے خواہشمند سیاسی رہنماؤں نے اپنے طور پر سینیٹ کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ دوست اور سابق کرکٹر وسیم اکرم سے متعلق ایک خبر سامنے آئی تھی کہ وسیم اکرم نے عملی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وسیم اکرم کو سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جانب سے ٹکٹ دیا جا سکتا ہے۔غیرسیاسی ہونے کے باوجود وسیم اکرم کی جانب سے سینیٹ کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوششوں کی بھی خبریں موصول ہو رہی تھیں۔ یہ خبر سامنے آتے ہی سیاسی حلقوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جسٹس قیوم کی رپورٹ کی گونج ایک مرتبہ پھر سے سنائی دینے لگی ہے۔ مئی 2000ء میں جسٹس ملک محمد قیوم نے پاکستانی کرکٹ میں میچ فکسنگ کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اپنی سفارشات پیش کی تھیں جس میں ایک سفارش یہ بھی تھی کہ وسیم اکرم کو شک کا فائدہ دیا جاتا ہے لیکن کچھ شواہد ایسے ضرور ہیں جو ان کی ساکھ کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کرتے ہیں لہٰذا انہیں کپتانی سے ہٹایا جائے۔ان پر کڑی نظر رکھی جائے اور ان کے اثاثوں کی تحقیقات کی جائے۔جسٹس قیوم کمیشن نے سلیم ملک پر دس لاکھ روپے اور مشتاق احمد اور وسیم اکرم پر تین تین لاکھ

روپے جُرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ ایسے میں سیاسی حلقوں میں یہ کہا جا رہا ہے کہ اگرچہ وسیم اکرم کا نام سینیٹ انتخباات میں اُمیدواروں کی فہرست میں ابھی سامنے نہیں آیا لیکن اگر وسیم اکرم نے سینیٹ الیکشن میں ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کیا تو کیا وزیراعظم عمران خان جسٹس قیوم کی رپورٹ کو نظر انداز کر کے وسیم اکرم کو سینیٹ الیکشن کا ٹکٹ دیں گے ؟ کیونکہ جس شخص کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں کوئی عہدہ دئے جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی کیا اُسے سینیٹ الیکشن میں ٹکٹ دے کر اور ہھر منتخب کروا کر سینیٹر بنانا ٹھیک ہو گا؟ اس حوالے سے تاحال کوئی خبر تو سامنے نہیں آئی لیکن سیاسی حلقوں میں اس ضمن میں کئی چہ مگوئیاں ضرور ہو رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں