ملک میں آگ سے حفاظت اور اقدام پر یکساں پالیسی بنائی جائے،عمران تاج

اسلام آباد(وہاب علوی سے)ملک میں فائر سیفٹی کیلئے یکساں پالیسی ہونی چاہئے اس سلسلے میں فائر پروٹیکشن انڈسٹری آف پاکستان (ایف پی آئی پی )ملک کے تمام اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے اور اس سلسلے میں سی ڈی اے اسلام آباد کو بطور رول ماڈل لیا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے فائر پروٹیکشن انڈسٹری آف پاکستان کے مقامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس کا انعقاد گزشتہ روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایف پی آئی پی کے صدر عمران تاج، سیکریٹری محمد اویس، سابق فائر ماہر سی اے اے انور غوری،

ایف پی آئی پی کے ریجنل ڈائریکٹر اسلام آباد ذوالقرنین چغتائی ، ندیم شیخ ایڈووکیٹ، سی ڈی اے کے غلام محمد، چوہدری محمد انور، میاں عبا داللہ، علی رضا، جعفر سمیتا، عمیر افتخار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر عمران تاج نے کہا کہ جو آگ بجھانے کا انتظام سی ڈی اے کے پاس ہے اسی طرح پورے ملک میں بھی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی طرح تعمیراتی شعبے کو کمپلائنس کی سند دیئے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے اور اس سند کو مکان کی تعمیر، خرید و فروخت کے دوران لازم قرار دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایف پی آئی پی میں تمام لوگوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ اس موقع پر محمد اویس نے کہا کہ پی آئی ایم کے شکر گزار ہیں کہ جس کے باعث ہم اپنی ایسوسی ایشن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ سابق فائر ایکسپرٹ سی اے اے انور غوری نے کہا کہ اس فورم کے ذریعے ملک بھر میں آگ سے بچائو کے حوالے سے تربیت فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر ذوالقرنین چغتائی نے کہا کہ فائر سیفٹی بلڈنگ کورڈ 2016ئ پر وفاقی دارالحکومت میں بھرپور طریقے سے عمل کیا جا رہا ہے اور سی ڈی اے اس سلسلے میں اپنا کام سختی سے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا بہت ضروری ہے اور ہر کاروبار اور گھر میں ضروری آلاگ موجود ہونے چاہئے۔ ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کو ملک میں معیاری آگ بجھانے کے آلات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور اس سلسلے میں سندوں کا اجرائ بھی کرنا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں