ملک کے پسماندہ ترین ریجن میں موٹروے کی تعمیر، شاندارتفصیلات جاری

ہوشاب (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے پسماندہ ترین ریجن میں موٹروے کی تعمیر کے آغاز کی تیاریاں مکمل، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے ہوشاب سے آواران ایم 8 موٹروے کی تعمیر کا ٹھیکا دینے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی پہلی اور ملک کے سب سے پسماندہ ریجن کی موٹروے کی تعمیر شروع کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ایم 8 موٹروے ہوشاب سے آواران سیکشن کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پیکج 1 کل 73 عشاریہ 5 کلومیٹر طویل ہو گا جس پر 7 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ جبکہ پیکج 2 کل 72 عشاریہ

5 کلومیٹر طویل ہوگا 7 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ دونوں پیکجز کی تعمیر کیلئے بڈنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا۔اب این ایچ اے نے ٹھیکے حاصل کرنے والی کمپنیوں کو تعمیراتی کام کے آغاز کی اجازت دے دی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں ہوشاب سے آواران تک 146 کلو میٹر سڑک کا منصوبہ ہے۔ منصوبے کے حوالے سے چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے بتای تھا کہ ایم 8 پر کام کا آغاز اولین ترجیح ہے۔ سی ڈی ڈبلیو پی سے ہوشاب تا آواران 146کلومیٹر شاہراہ کی 26 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی منظوری گزشتہ برس حاصل کی گئی تھی۔ اس شاہراہ کی تعمیر سے کیچ/آواران کے دور دراز اضلاع میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، یہ منصوبہ جنوبی بلوچستان کی زندگی بدل دے گا ۔یہاں واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے رواں برس ملک میں موٹرویز کے نیٹ ورک کو بڑے پیمانے پر پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے رواں برس 4 نئی موٹرویز کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں حیدرآباد سکھر، دیر سوات ، ڈی آئی خان پشاور، سیالکوٹ کھاریاں راولپنڈی موٹرویز شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں