پاکستان نے آج سے مینیول ویزوں کا اجراء بند کر دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان نے آج سے مینیول ویزوں کا اجراء بند کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ملک میں سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے پاکستانی ویزے کے اجراء کا عمل آسان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے فیصلے کے مطابق آج یکم فروری سے مینیول ویزوں کا اجراء بند کر دیا گیا ہے، اب سے آن لائن ویزے جاری کیے جائیں گے۔پاکستان کی جانب سے کل 152 ممالک کے شہریوں کو آئن لائن ویزا فراہمی کی سہولت دی گئی ہے۔ پاکستان آنے کے خواہش مند کسی بھی غیر ملکی کو آن لائن پورٹل میں ویزے کے حصول کی درخواست دینا ہوگی،

جس کا فیصلہ ایک ہفتے کے دوران ہوگا۔ اگر کوئی اعتراض ہوا تو درخواست گزار کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا اور پھر کلیئرنس کے بعد اسے ویزا جاری کیا جائے گا۔وزارت داخلہ کے مطابق ای ویزا سروس کا آغاز یکم جنوری 2021 سے ہو چکا، جبکہ مینیول ویزوں کا اجراء بھی جاری تھا جو اب بند کر دیا گیا۔ اس وقت پڑوسی ملک افغانستان سے پاکستان کے ای ویزہ کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ای ویزہ سروس سے سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے کے علاوہ انسانی سمگلنگ روکنے میں بھی بہت مدد ملے گی۔خیال رہے کہ پاکستان نے کئی سال قبل مینوئل پاسپورٹ کا اجرا روک دیا تھا۔ویزوں کے علاوہ پاکستانی سفارتخانے قومی شناختی کارڈ اور اسی طرح کی دیگر دستاویزات کے لیے بھی درخواستیں نہیں وصول کرسکیں گی اور اب یہ تمام خدمات آن لائن دستیاب ہوں گی۔یہی تبدیلی شمالی امریکا اور یورپ میں بالخصوص دوہری شہریت کی اجازت نہ دینے والے ممالک میں مقیم پاکستانیوں پر اثر انداز ہوگی۔حتیٰ کہ آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکا جیسے ممالک جو دہری شہریت کی اجازت دیتے ہیں وہاں لوگ اپنے پاسپورٹ پر ویزے کی مہر لگواکر سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں کیوں کہ اپنے آبائی ملک کے پاسپورٹ پر سفر کرنا اکثر شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔مذکورہ پیش رفت پر ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری سعادت علی نے کہا کہ ‘یہ ان لوگوں کے لیے اچھا ہے جو کمپیوٹر کے استعمال میں مہارت رکھتے ہیں لیکن بہت سے ایسے افراد ہیں جنہیں یہ معلومات نہیں ہیں اس لیے ہمیں ان کی مدد کرنے کے لیے کوئی نظام بنانے کی ضرورت ہے’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں