پاک بحریہ نے چین میں تیار کردہ جدید ترین لڑاکا بحری جہاز لانچ کردیا

کراچی(نیوز ڈیسک) پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار کیے جانے والے دوسرے فریگیٹ جہاز کی لانچنگ کی تقریب شپ یارڈ چائنہ میں ہوئی۔ پاک بحریہ کے کموڈور اظفر ہمایوں تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہاز ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا۔ پاک بحریہ کے بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے ملکی سمندری دفاع مزید مضبوط ہوگا۔ اسٹیٹ آف دی آرٹ فریگیٹ جہازوں کی تیاری پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور مضبوط سفارتی تعلقات کی عکاس ہے۔پاک بحریہ کے کموڈور اظفر ہمایوں نے کہا عالمی سطح پر درپیش وبائی صورتحال

کے باوجود پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل شپ یارڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب میں چینی حکام کے علاوہ چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی اور ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ کے نماٸندوں نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں کموڈور اظفر ہمایوں کا کہنا تھا کہ ان جہازوں کی شمولیت پاکستان کے بحری دفاع اور حربی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کرے گی۔اس موقع پر انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس کے باوجود ہوڈنگ ژونگوا شپ یارڈ اور ایم/ایس سی ایس ٹی سی کی جانب سے ان منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے پر ان کی محنت اور جذبے کو سراہا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ ٹائپ 054 فریگیٹ پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل جہاز ہوں گے، جن میں جدید ترین سطح آب، زیر آب اور فضائی ہتھیاروں کے سسٹم نصب ہوں گے۔مزید یہ کہ یہ جہاز الیکٹرونک وار فیئر، فضائی و سمندری سرویلنس اور ایکواسٹک سینسر سے لیس ہیں جو کہ کمبیٹ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے آپس میں جڑے ہیں۔اعلامیے کے مطابق پاک بحریہ نے چار ٹاپ 054 A/Pفریگیٹ کا معاہدہ 2017 میں کیا تھا اور تمام جہاز اپنے طے شدہ منصوبے کے مطابق فراہم کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ اگست 2020 میں پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے پہلے ٹائپ 054 فریگیٹ کی تقریب رونمائی کا انعقاد چین کے شہر شنگھائی کے ژونگوا شپ یارڈ میں ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں