ہمیں توڑا نہیں جا سکا اس لیے ہمارے گھروں پر بلڈوزر چلانے کی ابتدا ہوئی ،رانا ثناء اللہ

لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ توڑ پھوڑ کا سلسلہ بڑے عرصے سے جاری ہے جو کہ کارگر ثابت نہیں ہورہا ، اسی وجہ سے اب ہمارے گھروں پر بلڈوزر چلانے کی ابتداء کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ کھوکھر برادران کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی گئی ہے ، جو کہ ہمارے ایم این اے اور ایم پی اے ہیں ، ان کے گھروں پر بلڈوزر چلائے گئے ہیں حالاں کہ ان وہ ایک متنازعہ معاملہ ہے ، جس پر عدالت نے اسٹے آرڈر جاری کیا ہوا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور

انتظامیہ نے سرکاری زمین پر تعمیر غیرقانونی عمارت کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا ہے ، ایل ڈی اے کی جانب سے قبضہ کی گئی سرکاری زمین واگزار کروانے کے لیے اتوار کے روز ایک گرینڈ آپریشن کیا گیا ، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی کھوکھر پیلس کے اطراف موجود تھی ، کھوکھر برادران سے 38 کنال زمین واگزار کروا کر پنجاب حکومت کے حوالے کردی گئی ہے ، واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت سو ارب روپے ہے،کھوکھر برادران نے جعلسازی سے زمین پر قبضہ کیا تھا ۔انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے کھوکھر پیلس سے ملحقہ سیف مارکیٹ بھی مسمار کردیا جبکہ سیف الملوک کھوکھر کے برادر نسبتی کا گھر بھی گرا دیا گیا ہے جبکہ سیف الملوک کھوکھر کے بھانجے طاہر جاویدکے گھر کو بھی مسمار کردیا گیا ہے ، لاہور انتظامیہ کی جانب سے آپریشن ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر کے گھر کے اطراف کیا گیا ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے رات میں ہی کھوکھر پیلس کے اطراف کے راستے بند کر دیے تھے ، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کھوکھر برادران کو زمین چھوڑنے کے لئے نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود زمین خالی نہ کی گئی ، زمین خالی نہ کرنے پر عملدرآمد نہ کرنے پر آج گرینڈ آپریشن کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں