اس سال امتحانات ہونگے یا بچوں کو پروموٹ کیا جائیگا، وزیرتعلیم نے اہم اعلان کردیا

کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر تعلیم سندھ‏ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس بار بچوں کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔کراچی میں سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری کالجز سندھ، تمام نجی اسکولز کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران، بورڈ و یونیورسٹیز کے چئیرمینز و سیکریٹری سمیت کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کی یکم فروری سے پرائمری، مڈل اور سیکنڈری کلاسز کو کھولنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور امتحانات کے شیڈول اور سلیبس کے حوالے

سے بھی مشاورت کی گئی۔اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ہم کورس کو مزید کم نہیں کرسکتے چاہے ہمیں امتحانات کو ری شیڈول کیوں نہ کرنا پڑے، نئے تعلیمی سال کے حوالے سے بھی حالات کو دیکھ کر ہمیں پلان کرنا ہوگا، کوووڈ کے باعث ہمارا تعلیمی شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہمیں دوبارہ شیڈول کے مطابق آنے میں وقت لگے گا، ہمیں غیر معمولی حالات کو مدنظر رکھ کر غیر معمولی فیصلے کرنے ہوں گے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس بار بچوں کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا اور امتحان ہرصورت ہوں گے، چاہے آگے ہی کیوں نہ لے جانا پڑیں، یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھلیں گے جس کے بعد کوویڈ ٹیسٹ کا سلسلہ دوبارہ شروع کریں گے۔سعید غنی نے کہا کہ کورس کو مزید کم نہیں کر سکتے، کمیٹی ارکان متفق ہیں کہ امتحانات جلدبازی میں نہیں ہونے چاہئیں، یہ پہلے سے طے ہے ہر جماعت میں50فیصد بچے آئیں گے، جب تمام تعلیمی ادارے کھول دئیے جائیں گے تو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ تمام بچوں کو بلانے کی بجائے دو گروپس میں بچوں کو بلائیں گے، جس میں ایک روز ایک گروپ اور دوسرے روز دوسرا گروپ آئے گا یعنی بچے ہفتہ میں تین روز اسکول اور تین روز گھر پر ہوں گے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے۔کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی اداروں میں آج سے تدریسی عمل شروع ہو گیا اور پہلے مرحلے میں 9ویں سے 12ویں تک کلاسز شروع کی گئی ہیں۔

تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے جس پر سختی سے عمل کروایا جا رہا ہے۔دوسرے مرحلے میں پہلی سے آٹھویں کلاسز کے طلبہ یکم فروری کو اسکول جائیں گے جبکہ یونیورسٹیز بھی یکم فروری سے کھولی جائیں گی۔وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے 15 جنوری 2021 کو اعلان کیا تھا کہ پورے ملک میں تعلیمی ادارے 18 جنوری سے مرحلہ وار کھولے جائیں گے۔انہوں نے بتایا تھا کہ نویں، دسویں، گیارویں اور12 ویں جماعتوں کا تعلیمی سلسلہ 18 جنوری کو شروع ہوجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں