فرفرانگلش نہ بولنے پر منیجر کا تمسخر اڑانے کی ویڈیو، ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) انگریزی نہ آنے پر اپنے منیجر کا مذاق اڑانے والی خواتین کی ویڈیو وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا خواتین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انگریزی نہ آنے پر اپنے منیجر کا تمسخر اڑانے والی خواتین کی ویڈیو وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خواتین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو مذکورہ خواتین نے معافی مانگ لی۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اسلام آباد میں موجود اس ریسٹورنٹ کا بائیکاٹ کرنے کا ٹرینڈ بھی آج کے دن ٹاپ ٹرینڈز میں رہا۔ جس کے بعد اب ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین

کے رد عمل پر بیان جاری کر دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر جاری بیان میں ریسٹورنٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہمیں سوشل میڈیا صارفین اور اُن لوگوں کے رد عمل پر بے حد افسوس ہے جنہوں نے ایک ٹیم ممبر کے ساتھ ہمارے مذاق کو غلط رنگ دیا۔یہ ویڈیو بطور ٹیم ہمارے مابین ہونے والی ایک گپ شپ تھی جسے کسی صورت منفی تناظر میں نہیں بنایا گیا تھا۔ اگر کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو ہم معذرت خواہ ہیں لیکن ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ ہمیں خود کو مہربان مالکان کے طور پر کسی کے بھی سامنے ثابت کرنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری ٹیم تقریباً ایک دہائی سے ہمارے ساتھ ہے ، اسی بات سے سب کو اندازہ ہوجانا چاہئیے۔ہمیں اپنے پاکستان ہونے پر فخر ہے اور ہمیں اپنی زبان اور ثقافت سے پیار ہےسوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں خواتین جو خود کو ایک ریسٹورنٹ کا مالک بتاتی ہیں وہ اس ریسٹورنٹ کے منیجر کو بلا کر اس کے ساتھ انگریزی میں بات چیت کرتی ہیں جبکہ منیجر کی انگریزی اتنی اچھی نہیں ہوتی جس پر وہ اس کا مذاق بناتی ہیں اور تمسخر اڑاتے ہوئے ہنستی بھی ہیں۔دونوں خواتین اپنے منیجر کے ساتھ چند سوال انگریزی میں پوچھتی ہیں کہ آپ کو ہمارے ساتھ کام کرتے ہوئے کتنا عرصہ ہو گیا ہے تو وہ جواب دیتا ہے کہ 9 برس۔اسکے بعد وہ سوال کرتی ہیں کہ انگلش کتنے عرصہ میں سیکھی تو وہ بتاتا ہے کہ ایک سال اور چھے ماہ میں۔اس کے بعد خاتون اگلا سوال کرتی ہے کہ اپنا تعارف انگریزی میں کرادیں۔جس کے بعد منیجر کنفیوژن کا شکار ہوجاتا ہے اور پھر کہتا

ہے کہ میرا نام اویس ہے اور میں یہاں منیجر کی نوکری کرتا ہوں اور بس۔ اس کے بعد منیجر کی انگلش ختم ہو جاتی ہے اور وہ شرمندہ ہو کر چپ ہو جاتا ہے۔جس پر دونوں خواتین منیجر کو مذاق کا نشانہ بناتے ہوئے تضحیک آمیز لہجے میں کہتی ہیں کہ آپ اندازہ لگائیں اس شخص کے ساتھ ہم اتنے عرصے سے کام کررہے ہیں اور اسے انگریزی کا ایک لفظ نہیں آتا اور یہ ہمارے اتنے اچھے ریسٹورنٹ کا منیجر ہے۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں خواتین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہیں سامنے کھڑے شخص کی عزت نفس کا ذرا بھی خیال نہیں۔ سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد خواتین کو معافی مانگنا پڑ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں