امریکہ میں مقیم پی ٹی آئی کے ڈونر نے پارٹی کو دیئے جانیوالے فنڈز کی تفصیلات بتادیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کو فنڈز دینے والے امریکہ میں مقیم شہری آصف چوہدری نے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا پی ٹی آئی کی فنڈنگ سے متعلق دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو فنڈ دینے والے پاکستانی نژاد امریکی شہری آصف چوہدری نےنجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ امریکا میں ایک فرم کے ایڈمنسٹریٹر ہیں۔آصف چوہدری نے بتایا کہ سنہ 2012 میں عمران خان امریکا آئے تھے اور ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی تھی۔ اس پروگرام کا ٹکٹ 200 ڈالرز تھا۔ آصف چوہدری کے مطابق اس وقت انہوں نے 200 ڈالرز کا ایک چیک پی ٹی آئی کو دیا تھا۔آصف چوہدری کے مطابق وہ چیک فرم کا تھا

تاہم وہ انہوں نے اپنی ذاتی رقم میں سے دیا تھا۔ اس کے علاوہ 250 ڈالر کا ایک چیک اور دیا تھا تاہم وہ ابھی تک کیش نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بس یہی وہ رقم ہے جس پر مریم نواز اپنے جلسوں میں وزیر اعظم عمران خان پر الزام لگاتی ہیں کہ انہیں اسرائیل سے پیسے ملے۔آصف چوہدری نے مزید کہا کہ مریم نواز کو پھر بھی تسلی نہ ہو تو ہم پیسے اکٹھے کر کے انہیں ٹکٹ بھجواتے ہیں وہ یہاں آئیں، اپنی مرضی کے ہوٹل میں قیام کریں، ہم انہیں اس فرم کا دورہ کروائیں گے وہ خود ہی ساری معلومات کرلیں۔مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری آصف چوہدری کے جوابات پر سیخ پا ہوگئیں، انہوں نے آصف چوہدری کو بھی اسرائیل کا شہری قرار دے دیا اور ان کے تمام جوابات کو جھوٹ قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں