حارث رئوف نے تیز ترین گیند کرواکر اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا

میلبورن (نیوز ڈیسک ) فاسٹ باؤلر حارث رؤف گزشتہ کچھ سالوں میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں ، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں کوچز کے سامنے متاثر کن پرفارمنس کے بعد انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے منتخب کیا۔ لاہورقلندرز کے کوچ حارث روف کے پاس موجود رفتار سے متاثر ہوئے تھے لیکن ان کی بائولنگ میں اب بھی مزید چیزوں کو بہتر بنانے کی ضرورت تھی ۔2019ء میں پی ایس ایل میں قدم رکھنے کے بعد حارث رؤف کو گذشتہ سال میلبورن سٹارز نے بگ بیش لیگ کے لیے منتخب کیا تھا۔ حارث رؤف نے ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کیں جس

میں ہیٹ ٹرک اور ایک میچ میں 5 وکٹیں لینا بھی شامل ہیں۔ حارث رؤف نے میلبورن سٹارز کو اتنا متاثر کیا کہ انہیں بی بی ایل کے رواں سال کے ایڈیشن میں بھی میلبورن سٹارز نے منتخب کیا ۔حارث روف پاکستان کی جانب سے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے بعد بی بی ایل میں حصہ لینے کے لئے آسٹریلیا روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے اپنے سپیل کا دھواں دھار آغاز کیا اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کیخلاف 150.2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرڈالی۔حارث رؤف نے اس مقابلے میں 3 اوورز میں 33 رنزکے عوض ایک وکٹ حاصل کی اور میلبورن سٹارز یہ مقابلہ 5 وکٹوں سے ہار گیا۔ان کا یہ سفر یہیں نہیں رکا اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف مقابلے میں انہوں نے 153.9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروادی، انہوں نے میچ میں صرف ایک اوور کیا اور 10 رنز دیکر بھی کوئی وکٹ نہ لے سکے، میلبورن سٹارز نے یہ مقابلہ 111 رنز سے اپنے نام کیا۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں رؤف کی رفتار ہر ایک نے دیکھی لیکن انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کی ضروریات کے مطابق اپنی بائولنگ مزید بہتر بنائی ہے اور ان کی گرومنگ کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے پاس ممکنہ ورلڈ کلاس بائولر موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں