حریم شاہ کی اداکاری کے میدان میں بھی انٹری

کراچیـ(نیوز ڈیسک)پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے بعد اب باقاعدہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔حریم شاہ پاکستان کے پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم (اسٹریمنگ ویب سائٹ) اردو فلکس کی ویب سیریز میں نظر آئیں گی۔ اردو فلکس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے گزشتہ روز حریم شاہ کی پراجیکٹ سائن کرتے ہوئے تصویر شیئر کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ حریم شاہ اردو فلکس کی ویب سیریز کے ذریعے اداکاری کی دنیامیں قدم رکھنے جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق حریم شاہ کو ویب سیریز ’’راز‘‘ میں بطور ہیروئن کاسٹ کیا گیا ہے۔ حریم شاہ نے ویب سیریز کا پرومو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔

حریم شاہ کا شمار پاکستان کی مقبول ترین ٹک ٹاک اسٹارز میں ہوتا ہے۔ تاہم وہ اپنی ٹک ٹاک ویڈیوز سے زیادہ متنازع ویڈیوز کی وجہ سے زیادہ مشہور ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف سیاستدانوں کے ساتھ منظرعام پر آنے والی تصاویر نے بھی حریم شاہ کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں نیٹ فلکس کی طرز پر اردو فلکس کا پلیٹ فارم لانچ کیا جارہا ہے جہاں لوگ اردو میں اپنے پسندیدہ ڈرامے، فلمیں اور ویب سیریز دیکھ سکیں گے۔ پاکستان میں اردو فلکس کے لیے اوریجنل مواد پروڈیوس کیا جارہا ہے۔ اب تک اس پلیٹ فارم پر دو ویب سیریز کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ جن میں پہلی علیزے شاہ کی ویب سیریز’’دلہن اور ایک رات‘‘ شامل ہے۔ جب کہ دوسری ویب سیریز حریم شاہ کو لے کر بنائی جارہی ہے۔حریم شاہ اور اردو فلکس نے ‘راز’ سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ اس کی کاسٹ میں اور کون اداکار شامل ہیں۔اگرچہ تاحال اردو فلکس کو بھی متعارف نہیں کرایا گیا تاہم کمپنی کے مطابق وہ متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور بیک وقت بہت ساری سیریز، فلمیں اور ڈراموں کی شوٹنگ جاری ہے۔اردو فلکس کے حوالے سے ابتدائی طور پر نومبر 2020 میں اعلان کیا تھا اور بعد ازاں دسمبر میں بتایا گیا تھا کہ اسے جنوری 2021 تک باضابطہ طور پر صارفین کے لیے متعارف کرادیا جائے گا۔تاہم تاحال اردو فلکس کو مواد دیکھنے کے لیے صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا، البتہ اس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز متعارف کرائے گئے ہیں۔اردو فلکس کے سوشل میڈیا پیجز پر شائع

پوسٹس کے مطابق ادارہ بیک وقت متعدد ویب سیریز، فیچر فلموں، دستاویزی فلموں اور ڈراموں کی تیاری میں مصروف ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے وسط تک اردو فلکس کو مواد دیکھنے کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں