خواجہ آصف نےکشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں 12کروڑ روپے منتقل کیے، نیب

لاہور (نیوز ڈیسک)نیب نے کشمالہ طارق کے اکاؤنٹس میں رقم کی ادائیگیوں کے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔ نیب کے مطابق خواجہ آصف نےکشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں 12کروڑ روپے منتقل کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمالہ طارق کو ادائیگیاں خواجہ آصف کے فرنٹ مین نے کیں جس کے ذریعے 2 بار کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم جمع کروائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کےفرنٹ مین نےجنوری 2015 میں کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں 7 کروڑ روپے جمع کروائے جن میں سے کشمالہ طارق نے مئی 2015 میں 5 بار ایک ایک کروڑ روپے نکلوائے۔ کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں ستمبر2015 میں 5 کروڑ آن لائن جمع ہوئے

جس کے بعد انہوں نے مارچ 2016 میں 3 کروڑ روپے نکلوائے۔ رپورٹ کے مطابق کشمالہ طارق نےاگست 2016میں ایک بار پھر اپنے اکاؤنٹ سے 4 کروڑ روپے نکلوائے تھے۔کشمالہ طارق کا فریدہ یاسین کے ساتھ جوائنٹ اکاؤنٹ تھا، کشمالہ طارق نے پنجاب انٹرپرائزز کو 2 بار بڑی رقوم منتقل کیں۔ پنجاب انٹرپرائزز نامی ادارہ خواجہ آصف کے فرنٹ مین جاوید وڑائچ کے نام رجسٹرڈ ہے۔ واضح رہے کہ کشمالہ طارق ن لیگ دورمیں وفاق میں اہم عہدے پر تعینات ہوئیں، کشمالہ طارق پی ٹی آئی حکومت میں بھی اسی عہدے پر براجمان ہیں۔ خواجہ آصف آمدن سےزائداثاثہ کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ نیب نےکشمالہ طارق کو اب تک پوچھ گچھ کیلئےطلب نہیں کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں