حاکم دبئی شیخ راشد المکتوم سمیت شاہی خاندان کے سات افراد کو’ تلور‘ کے شکار کی اجازت دے دی گئی

کراچی(نیوز ڈیسک )دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور شاہی خاندان کے دیگر 6 افراد کو پاکستان میں تلور کے شکار کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور شاہی خاندان کے دیگر 6 افراد کو کو سال 21-2020ء کے شکار سیزن میں بین الاقوامی تحفظ کے حامل پرندے تلور کے شکار کے 7 خصوصی اجازت نامے جاری کردیے۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جن دیگر شکاریوں کو اجازت نامے جاری کیے گئے ان میں ولی عہد، نائب حکمران اور وزیر خزانہ و صنعت، نائب پولیس چیف، ایک فوجی عہدیدار،

شاہی خاندان کے دیگر 2 افراد اور ایک تاجر شامل ہیں۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد شکار کے خصوصی اجازت نامے وزارت خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کی جانب سے جاری کیے گئے۔بعد ازاں یہ اجازت نامے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے بھیج دیے گئے تاکہ یہ شکاریوں کو بھیجے جا سکیں۔قبل ازیں گذشتہ برس دسمبر میں متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کی پیر کے روز پاکستان آمد ہوئی تھی۔ دسمبر 2020ء میں وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے بعد اب سعودی عرب کے ولی عہد سمیت شاہی خاندان کو تلور کے شکار کی اجازت دی تھی۔ وفاقی حکومت نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکمران خاندان کے دیگر 2 اراکین کو سال 21-2020ء کے شکار سیزن میں بین الاقوامی تحفظ کے حامل پرندے تلور کے شکار کا اجازت نامہ جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں وفاقی حکومت نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو نایاب نسل کے 150 شاہین برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔ تاہم اب دبئی کے حکمران کو تلور کے شکار کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں