وزیراعظم کی کوئٹہ آمد پر پولیس دستے کی جانب سے سلامی دینے کی خبر غلط نکلی

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)معاون خصوصی سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو کوئٹہ میں پولیس دستے کی سلامی کی خبر درست نہیں، سلامی دینے کی خبر درست نہیں، خبر دینے والے نمائندے کے خلاف ایکشن لیا جائے، وزیراعظم عام دنوں میں بھی ایسی چیزیں پسند نہیں کرتے اب تو لواحقین کو ملنے گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو سلامی دینے کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے ٹویٹر پر خبر شیئر کی اور کہا کہ یہ خبر غلط ہے۔ جیو نیوز سے گزارش ہے کہ اپنے لوکل نمائندے کے خلاف ایکشن لیں، جس نے یہ غلط خبر فائل کی۔ پولیس کے دستے کی سلامی کی خبر جھوٹ پر مبنی ہے۔ وزیراعظم عام دنوں میں بھی ایسی چیزیں پسند نہیں کرتے اب تو لواحقین کو ملنے گئے ہوئے ہیں۔ براہ مہربانی جائز رپورٹنگ کی جائے۔

واضح رہے کہ سانحہ مچھ میں جاں بحق کان کنوں کی تدفین کے بعد وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے جہاں ان سے مزدوروں کے لواحقین نے ملاقات کی۔وزیراعظم عمران خان نور خان ایئربیس راولپنڈی سے خصوصی طیارے پر کوئٹہ پہنچے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید، صوبائی وزرا، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے علیحدہ ملاقات کی اور سانحہ مچھ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں