وزیراعظم نہ آئے تومیتوں کے ساتھ اسلام آباد میں لانگ مارچ کریں گے، مچھ شہدا کمیٹی کا اعلان

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین نے لاشوں کی تدفین کو وزیراعظم عمران خان کی آمد سے مشروط کیا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ برادری کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جا سکتا، ہزارہ برادری آج ہی تدفین کرے میں گارنٹی دیتا ہوں آج ہی کوئٹہ جاؤں گا۔تاہم اب مچھ میں شہدا کمیٹی کے ممبران آغاز رضا نے اعلان کیا کہ وزیراعظم نہ آئے تو لاشوں کے ساتھ اسلام آباد میں لانگ مارچ کریں گے۔ گذشتہ روز بھی مچھ میں شہدا کمیٹی کے ممبران آغاز رضا نے پریس کانفرنس کرتے

ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے 3 نمائندے مذاکرات کے لیے آئے۔ شہدا کے اہل خانہ نے حکومتی نمائندوں کے سامنے اپنے مطالبات رکھے۔شہدا کے ورثا اپنی مرضی سے میتیں یہاں لائے۔ شہدا کے لواحقین جو کہیں گے اسی کو لے کر آگے چلیں گے۔ مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما آغا رضا کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آمد تک دھرنا جاری رکھیں گے۔ اگر عمران خان دھرنے میں نہ آئے تو شہداء کے جنازوں کے ساتھ اسلام آباد مارچ کریں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں امان اللہ کا کہنا تھا کہ ہم حکومت وقت کے خلاف ہیں نہ کسی سیاسی پارٹی کے۔ہم شہدا کے لواحقین کی مرضی کے پابند ہیں۔ دوسری جانب ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما عبدالخالق ہزارہ نے انکشاف کیا کہ شہدا کی تدفین پیر کو دن ایک بجے کرنے کا طے پایا تھا لیکن اگلے روز کچھ لوگوں نے زبردستی میتوں کو سڑک پر رکھ کر دھرنا دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں کیے گئے مطالبات کا لواحقین سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ کچھ قوتیں دھرنے کا فائدہ اٹھانا چاہ رہی ہیں ۔۔ مذہبی عناصر کسی اور ایجنڈے کی تکمیل کے لیے شہدا کو استعمال کررہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہزارہ برادری میتیں دفنائے گے تو میں آج ہی آجاؤں گا۔ آج میتیں دفنائیں ، میں گارنٹی دیتا ہوں کہ آج ہی کوئٹہ پہنچتا ہوں۔انہوں نے کا کہ میرے دورے کو میتوں کے دفنانے سے مشروط کرنا مناسب نہیں۔ آج میتوں کو نہ دفنانے کی شرط مانی تو یہ غلط روایت قائم ہوجائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آئیں تو لاشیں دفنائیں گے۔ ہزارہ برادری کے تمام مطالبے مان چکے ہیں۔عمران خان کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری کوہمیشہ ہدف بنایا جاتا رہا ہے۔ نائن الیون کے بعد ہزارہ کمیونٹی کوظلم وستم کا نشانہ بنایا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ مچھ واقعہ افسوسنا ک ہے ، مزدوروں کو بےدردی سے قتل کیا گیا۔ بھارت پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے کے درپے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں