عثمان بزدار کیخلا ف شکایات پر وزیراعظم کا حیران کن جواب

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سی سی پی او کے عدے سے عمر شیخ کو ہٹانے کے معاملے پر بات ہوئی جس میں صحافی محمد مالک نے سوال اُٹھایا کہ آخر اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے کچھ کیوں نہیں کہا ؟ جس پر رؤوف کلاسرا نے کہا کہ وزیراعظم وہی کریں گے جو بزدار صاحب کہیں گے۔ اُن کے سامنے بارہا وزیراعلیٰ پنجاب کے بارے میں چیزیں رکھی گئی ہیں۔جس پر خاتون صحافی مہر بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے جب بھی بزدار صاحب کی کوئی چیز رکھی گئی ہے ، اُس پر اُن کا ایک ہی جواب ہوتا ہے ، وہ کہتے ہیں کہ چلو یہ چھوٹی موٹی چوری کرتا ہے جو دوسرا آئے گا وہ بڑی چوری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سامنے اتنی رپورٹس رکھی گئی ہیں ،

اس کے بعد بھی اگر وہ سمجھنے سے قاصر ہیں یا کچھ کرنا نہیں چاہتے تو وہ اُن کی مرضی ہے۔انہوں نے شوگر انکوائری اور گندم انکوائری رپورٹ پر ایک اور کمیٹی بٹھا دی تاکہ وہ اُس رپورٹ کا بیٹھ کر جائزہ لیں کہ اُس میں کیا ہے۔ معذرت کے ساتھ میں اس بات پر اتفاق نہیں کرتی کہ بزدار صاحب کی غلطی ہے کیونکہ یہاں غلطی عمران خان صاحب کی ہے۔ جنہوں نے اُن کو لگایا ، اُن کو بار بار اُن کی غلطیاں دکھائی گئی ہیں، اب اگر انہیں کچھ دکھائی نہیں دے رہا تو کوئی کیا کر سکتا ہے۔ پروگرام میں رؤوف کلاسرا نے کہا کہ عمران خان کی جان جیسے بزدار صاحب میں ہے ، بزدار صاحب کی جان ایسے ہی طاہر خورشید میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال قبل جس شخص کو برطرف کیا گیا تھا اُسے ہی دوبارہ عہدہ دے دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں