فوجی قیادت کو مخاطب ہوں، اپنی پوزیشن واضح کریں کیونکہ اگر تحریک چلی تو اس کا رخ آپ کی طرف بھی ہوگا،فضل الرحمن

بہاولپور (نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ معیشت غرق کردی، سی پیک کا حال پشاور بی آرٹی جیسا ہوگیا، کہتا ہے فوج میری پشت پر ہے، میں فوجی قیادت کو مخاطب ہوں، واضح کریں کیونکہ اگر تحریک چلی تو اس کا رخ آپ کی طرف بھی ہوگا، یہ ملک کسی ادارے کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کا ملک ہے۔انہوں نے بہاولپور میں پی ڈی ایم کی قیادت میں عوامی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہاولپور کی تاریخ میں عظیم الشان ریلی ہے، عوام نے شرکت کرکے موجودہ جعلی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، جعلی وزیراعظم کو کہتے ہوئے سنا کہ فوج میری پشت پناہی کررہی ہے، اس کا مطلب عوام پشت پناہ نہیں ہے۔

چند دن پہلے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس تھا حکومت کے ایوانوں میں اس بات کا انتظار تھا کہ شاید پی ڈی ایم میں اختلاف ہوگیا، پی ڈی ایم ٹو ٹ جائے گا، لیکن ہم سب ایک آواز کے ساتھ باہر نکلے، جیسے ان کے گھروں میں ماتم بچھ گیا، ان کے گھروں میں یہ ماتم برقرار رہے گا، لوگ بھو ک سے مر رہے ، خودکشیاں کررہے ہیں، ان کے وزراء ابھی چینلز پر بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کرکے حکومتیں نہیں چلا کرتیں، عوامی نمائندے حکومت چلاتے ہیں، میں نے بہاولپور میں جلسہ عام میں صوبے کا اعلان کیا تھا، ایک طرف حکومت ناجائز، غیرجمہوری اور دوسری طرف ملکی معیشت کو تباہ برباد کردیا ہے، آج کی دنیا میں ریاست کی بقاء کا دارومدار مستحکم معیشت پر ہوا کرتا ہے، جہاں نوازشریف کی حکومت آخری بجٹ پیش کررہی تھی تو اگلے سال کیلئے ترقی کا تخمینہ ساڑھے 6فیصد بتارہی تھی، لیکن یہ پہلے بجٹ میں 1.5ور دوسرے بجٹ میں صفر سے بھی نیچے آگئے، ان کی ناکام پالیسیوں کے نتیجے میں کشمیریوں کو مودی کے ظلم وجبر پر چھوڑ دیا ہے، یہ کشمیر فروش ہیں، 5فروری کو اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی ملک بھر میں پی ڈی ایم بڑے اجتماع کرے گی ، بتائیں گے جعلی سرکار نے کشمیر کو بیچا ہے، یہ کشمیر فروش ہیں ، عمران خان نے کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولا پیش کیا تھا ، کشمیر کو ہڑپ کرنا ، اس لیے عمران خان نے کہا تھا مودی آئے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوجائے گا، اسی طرح ان کی خارجہ پالیسی یہ ہے کہ ایک طرف کشمیر کو بیچ رہے ہیں، دوسری طرف فارن فنڈنگ کیس کو الیکشن کمیشن مسلسل ملتوی کررہا ہے، فارن فنڈنگ کیس دنیا سے آئے پیسے کا ہے، سب سے زیادہ پیسا اسرائیل سے آیا ہے جو کہ قادیانیوں نے فنڈنگ کی ہے، یہ نمائندگی ہے، اس لیے ہم باربار کہتے رہے یہ کس کے ایجنٹ ہیں، بہاولپور سے اعلان کرتا ہوں کہ 21فروری کو اسرائیل نامنظور ریلی نکالیں گے، بتایا جائے گا پہلے فلسطین اور بیت المقد س کو تسلیم کرنے کی بات ہوگی، پھر اسرائیل کی بات ہوگی ۔

ایک طرف ہندوستان اور دوسری طرف چین کی 70ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، یہ حکومت اسی لیے لائی گئی کہ چین کی سرمایہ کاری کو ناکام بنایا جائے، سی پیک منصوبے کا بیڑہ غرق کردیا ہے، سی پیک کا آج وہی حال ہے جو پشاور بی آرٹی کا ہے، ملکی معیشت کو سمندر غرق کردیا گیا ہے، افغانستان پاکستان کی طرف دیکھنا نہیں چاہتا، ایران انڈیا کے کیمپ میں چلا گیا، ہندوستان اور بنگلا دیش ، سری لنکا، بھوٹان، افغانستان کی معیشت اوپر جبکہ صرف پاکستان کی معیشت ڈوب رہی ہے۔یہ پاکستان کی بقاء کیلئے رسک ہیں، ایک بات بڑی وضاحت سے کہتا ہوں جو حکمران کہتا ہے فوج میری پشت پر ہے، میں اپنی فوجی قیادت کونہایت احترام سے مخاطب کرتا ہوں کہ اگرآپ حکومت کی پشت پر ہیں تو اپنی پوزیشن کو واضح کریں اگر تحریک چلی تو اس کا رخ آپ کی طرف بھی ہوگا۔ملک کسی ڈکٹیٹر، ادارے کی جاگیر نہیں، اس پر کسی کا قبضہ نہیں، یہ ملک عوام کا ہے، عوام کا راج تسلیم کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں