استعفوں سے متعلق ن لیگ کا اہم بیان سامنے آگیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارا ارادہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہم منائیں، لیکن اگر ہم اُن کو نہ بھی منا سکیں تو ہم خود مان جائیں گے۔ کیونکہ مسلم لیگ ن میں دونوں رائے موجود ہیں کہ استعفے فوری دے کر ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کر کے تحریک کو آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک رائے یہ بھی موجود ہے کہ اگر اس رائے پر قائم رہنے سے پی ڈ ی ایم کا نقصان ہوتا ہے تو پھر استعفوں سے متعلق نظر ثانی ہو گی ، کیونکہ استعفوں کا آپشن آخری مرحلہ ہے اور یہ مرحلہ آگے بھی ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم کو برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئیے ۔ یہ مؤقف بھی ہے کہ پی ڈی ایم کو مضبوط کرنا چاہئیے تاکہ اس حکومت کر ہر طرح سے ٹف ٹائم دے کر اس سیلیکٹڈ ٹولے کو اس ملک سے اُتاریں اور اس ملک و قوم کی جان چُھڑوائیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارا فیصلہ یہی ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کا مؤقف اور اُن کی دلیل سنیں گے ، مریم نواز نے بھی یہی کہا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان کا بھی ایک نُکتہ اور دلیل ہے۔ کوئی ایسا متفقہ پوائنٹ ہو جس پر تمام جماعتیں مل کر پی ڈی ایم کی اس تحریک کو آگے بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیپلز پارٹی اپنی تجاویز رکھے گی جس کو سننے کا سب کا ارادہ ہے۔سب کا اس بات پر اتفاق ہے کہ کوئی ایسی صورتحال بنائی جائے جس سے پی ڈی ایم برقرار رہے اور یہ تحریک اسی اتفاق رائے سے آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک دھاندلی زدہ الیکشن تھا جس میں اسٹیبلشمنٹ نے اپنے نمائندے لگائے ، ایک پارٹی سے نمائندوں کو اُٹھا کر دوسری پارٹی میں ڈالا اور پھر ان کو منتخب کروایا۔ اسٹیبلشمنٹ کے بغیر عدم اعتماد کی تحریک پاس نہیں ہو سکتی۔ اگر پیپلز پارٹی نے یہ بات سامنے رکھی تو ہم اس معاملے پر اُن سے بات کریں گے۔ عدم اعتماد تحریک جس نے پیش کرنی ہے نمبر بھی اُسے پورا کرنا ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں