ہمیں پارٹی سے فارغ کرنا کوئی اچنبے کی بات نہیں،حافظ حسین احمد

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جمیعت علماء اسلام ف کے رہنماء حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے خود جماعتی فیصلوں کی خلاف ورزی کی ہے،ہمیں پارٹی سے فارغ کرنا کوئی اچنبے کی بات نہیں ، جلد آئندہ کا لائحہ عمل بھی مرتب کیا جائے گا،مولانا فضل الرحمان کو خاندانی جماعت بنا لیا ہے۔انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جہاں تک جمعیت علماء اسلام پاکستان کا تعلق ہے، مجھ سمیت مولانا شیرانی ، سب جماعت کے بانی رکن ہیں، ہم تو مولانا فضل الرحمان سے بھی پہلے کے پارٹی کے رکن ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے جماعت کو اپنی ذاتی اور خاندانی جاگیر بنا لیا ہے۔

انہوں نے کے پی صدر مولانا گل نصیب کو فارغ کرکے اپنے بھائی کو ان کی جگہ تعینات کردیا۔ جماعتی فیصلوں کی خلاف ورزی خود مولانا فضل الرحمان نے کی ہے، میں نے، شیرانی اور گل نصیب نے پارٹی کے بات کی تھی، پارٹی کا نام جمعیت علماء اسلام پاکستان ہے، لیکن انہوں نے پارٹی کے نام کے ساتھ ف لگا دیا ہے۔ہمیں پارٹی سے فارغ کرنا کوئی اچنبے کی بات نہیں ۔ہماری آخری حد تک کوشش تھی کہ معاملہ حل ہوجائے۔ ہم اس مسئلے پر غور کریں گے اور لائحہ عمل بھی مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا فوج کیخلاف بیانیے پر ہم نے پارٹی میں بات کی، اس بیا نیئے کی تردید بھی کی، جس پر ہمیں پارٹی سے نکال دیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان ویسے تو فیئر الیکشن کی بات کرتے ہیں لیکن پارٹی کے اندربھی فیئر الیکشن ہونے چاہئیں۔یہ نہیں خاندان کے گیارہ بارہ لوگوں کو آگے لایا جائے، جب کوئی دوسرا اعتراض کرے تو اس کو نکال دیا جائے۔ واضح رہے جمعیت علماء اسلام کی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان معاملہ ،کمیٹی نے مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حسین احمد، مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں