کورونا ایک آفت ہے اور اللہ کی طرف سے امتحان ہے، مولانا طارق جمیل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں، کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد مولانا طارق جمیل نے عوام الناس کے لیے کورونا کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔مولانا طارق جمیل کورونا کے باعث شدید کمزور ہو گئے ہیں اور نقاہت کے باعث ان کے لیے بولنا بھی مشکل ہو رہا تھا ۔ویڈیو پیغام میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ جب کورونا کی پہلی لہر آئی تھی تو لوگوں کو احتیاط کا کہا تھا لیکن اس وقت مجھے معلوم نہیں تھا کہ کورونا ہے کیا تاہم اب میں خود کورونا کا شکار ہوچکا ہوں اور 10 دن اسپتال میں رہ کر آیا ہوں۔ مولانا طارق جمیل نے سب سے اپیل کی ہے کہ یہ کورونا ایک آفت ہے اور اللہ کی طرف سے امتحان ہے،

ہمیں چاہیے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ماسک کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں اور آپس میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وائرس بڑی عمر کے لوگوں کے لیے خطرناک ہے، میں نے اسپتال میں کئی لوگوں کے جنازے جاتے دیکھے ہیں، سب سے اللہ کے واسطے اپیل ہےکہ کورونا سے بچیں، جان کی حفاظت فرض ہے، نبی کریم ﷺ نے بھی بیماریوں پر احتیاط بتائی ہے، ہمیں بھی اس کا خیال رکھنا چاہیے۔ واضح رہے کہ مولانا طارق جمیل چند دن کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد وہ انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال میں رہے تھے۔ اب ان کی طبیعت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے تاہم ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ نقاہت کے باعث زیادہ دیر بات نہیں کر سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں