پاکستان اور چین کے مابین ہونیوالے تاریخی معاہدے نے دشمنوں کی نیندیں اڑادیں

کراچی(نیوز ڈیسک) پاک چین تاریخی دفاعی معاہدے نے دشمنوں کے ہوش اڑا دیے، پاکستان اور چین دونوں میں سے کسی بھی ملک کو خطرہ ہونے کی صورت میں دونوں ممالک کی فضائیہ مل کر مقابلہ کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خطے میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔پاکستان اور چین کی فضائیہ کے درمیان ایک نئی کو آپریشن کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی فضائیہ خطے کے مقامی اور بین الاقوامی چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

دونوں ممالک کا تاریخی دفاعی معاہدہ ہوا ہے کہ اگر پاکستان کو کوئی خطرہ ہوا تو چین پاکستان کی فضائیہ کا ساتھ دے گا جبکہ اگر چین کو کوئی خطرہ ہوا تو پاکستان کی فضائیہ چین کا ساتھ دے گی۔ارشد شریف کا کہنا ہے کہ پاک چین فضائی مشقوں کے اختتام پر پاک فضائیہ کے سربراہ اور چینی سفیر نے اہم باتیں کیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ایک بڑی خبر ہے۔ چین فیٹف، کشمیر اور ہر مسئلے میں پاکستان کا ساتھ دیتا ہے۔ ہمارے پڑوس میں جو دشمن ہے وہ بہت بری طرح ایکسپوز ہو رہا ہے۔ چین کو جو خطرہ ہوگا وہ پاکستان کیلئے خطرہ تصور ہو گا اور ایسے ہی جو پاکستان کو خطرہ ہوگا وہ چین کیلئے بھی خطرہ تصور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اور چین کی فضائیہ نے کچھ روز قبل شاہین 9 نامی فضائی مشقوں کا آغاز کیا تھا جو اب اختتام پذیر ہو چکیں۔ ان مشقوں میں پاک فضائیہ کے طیاروں کے علاوہ چین کے بھی جدید ترین جنگی طیاروں اور دیگر فضائی جنگی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ مشقوں کے اختتام پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہدانور خان نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی حالات میں بڑھتی ہوئی پیچیدگیوں کے باعث بین الاقوامی اور علاقائی حالات میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور مشترکہ چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے دونوں ممالک اور انکی مسلح افواج کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ امر قابلِ ستائش ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں