ترکی نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا

استنبول(نیوز ڈیسک) ترک حکام نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والی بھارتی ویب سائٹ کو بلاک کردیا۔ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی کے شعبہ ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 1909 میں قسطنطنیہ سے عبرانی زبان میں شائع ہونے والے ہفت روزہ اخبار کے نام پر بنائی جانے والی ویب سائٹ کو بلاک کردیا۔یہ ویب سائٹ بھارتی گروپ نے ’ہمسوسیر‘ کے نام سے رجسٹرڈ کروائی تھی جس کے ذریعے ترکی میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا تھا۔واضح رہے کہ چند روز قبل یورپین تحقیقاتی ادارے ڈس انفولیب نے ’انڈین کرونیکلز‘ کے عنوان سے رپورٹ جاری کی تھی جس میں بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بھارت کے دارالحکومت دہلی سے اس گروپ کو سری وستوا گروپ چلاتا تھا، جس کا کام جعلی خبروں، جعلی این جی اوز کی رجسٹریشن کروا کے مخالف ممالک کے خلاف پروپیگنڈا کرنا تھا۔دوسری جانب دفتر خارجہ نے بھارت کو واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے اسے کہا کہ اگر پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مقبوضہ وادی کی صورتحال سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ مقبوضہ وادی کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت ایل او سی پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا ہوگا۔ قابض بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو کچلنے کیلئے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارت پاکستان مخالف ایجنڈے کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی دہشتگردی سے متعلق شواہد ڈوزیئر کی شکل میں پیش کیے گئے ہیں۔ برطانوی ریگولیٹر کے اقدام سے بھی بھارت کا چہرہ بت نقاب ہوا۔ ای یو ڈس انفولیب نے پاکستان مخالف بھارتی ایجنڈے کو بے نقاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں