امریکہ نےمعصوم افغانیوں کے قتل کیلئے ’’ڈیتھ اسکواڈ‘‘بھیجے، امریکی مصنف کے چشم کشا انکشافات

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) سی آئی اے کی ڈارک اسٹوری سے ایک ا مریکی لکھاری نے پردہ اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکی افواج نے اپنے ڈیتھ اسکواڈ کے ذریعے افغانستان میں جاری نام نہاد دہشت گردی کی جنگ میں معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر باقاعدہ پلاننگ کے ذریعے قتل کیا۔اس حوالے سے پہلے آسٹریلوی فوجیوں کا ذکر بھی منظر عام پر آ چکا ہوا ہے جن سے متعلق وار کرائم کے حوالے سے رپورٹ ان کی فوج کے اعلیٰ افسران نے دی اور پھر باقاعدہ تفتیش کرنے کے بعد مجرموں کو سزا سنائی گئی۔اب وار کرائمز کی نئی کہانی امریکیوں فوجیوں سے متعلق ایک کتاب لکھ کر افشاں کی گئی ہے۔

ڈینیل کاؤلک جو کہ مشہور مصنف ہیں انہوں نے ان وار کرائمز سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنی کتاب ”نو مور وار“میں لکھا کہ مغربی لوگ اپنے مفادات کے لیے دوسرے ممالک پر معاشی پابندیوں سمیت دیگر پابندیاں عائد کرتے اور کس طرح سے جنگ کا ماحول بناتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ افغانستان میں ڈیتھ اسکواڈ کی کہانی 2018میں دہرائی گئی جبکہ تاریخ بتاتی ہے کہ امریکی ایسا کام 1960سے مختلف مقامات پر دوہراتے چلے آ رہے ہیں۔لکھاری کے مطابق دسمبر2018میں امریکہ نے افغانستان میں ایک آپریشن شروع کیا جو کہ ایک سال تک جاری رہا۔اس آپریشن میں سی آئی اے کے لوگوں نے شمولیت اختیار کی جس کا ساتھ امریکی اسپیشل فورسز نے بھی دیااور اس آپریشن کا نام”زیرو ون“ رکھا گیا۔اس یونٹ نے رات کے اندھیرے میں معصوم لوگوں کے گھروں پر حملہ کیااور وہاں موجود سبھی خواتین و حضرات کو بغیر کسی پوچھ گچھ کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ان ریڈ ز میں فورسز نے معصوم بچوں کو بھی نہیں بخشا اور انہیں بھی تہہ تیغ کر ڈالا۔ مصنف رقمطراز ہیں کہ ایک رات ایسے ہی آپریشن میں ایک تعلیمی ادارہ جسے لوکل زبان میں مدرسہ کہا جاتا تھا کمانڈوز حملہ آور ہوئے اور وہاں موجود سبھی لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کر ڈالااور اس واقعہ میں 12معصوم بچے بھی موت کے گھاٹ اتر گئے تھے۔مصنف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امریکہ کی ایسی کارروائی حیران کن ضرور ہے مگر ناقابل یقین نہیں کیونکہ امریکہ بہادر نے یہ کام پہلی بار نہیں کیا وہ تو 1960 کی دہائی سے اس قسم کی تحریکوں کو دبانے اور اپنے

مخالفین کو کچلنے کے لیے ایسے ہی ہتھکنڈے استعمال کرتا چلا آرہا ہے۔تاہم افغانستان کے حوالے سے امریکی کارروائیاں ابھی تک مکمل طور پر منظر عام پر نہیں آئیں جس دن افغانستان سے امریکہ کا مکمل انخلا ہو جائے گا اس دن ساری حقیقت سامنے آ جائے گی کہ نام نہاد دہشت گردی کی جنگ کی آڑ میں امریکہ بہادر یہاں کیا کرنے آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں