وزیراعظم نے جرمانہ اد کردیا،بنی گالہ رہائش گاہ قانونی قرار، نقشے کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کو قانونی قرار دے دیا گیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے بنی گالہ رہائش گاہ کے نقشے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد ان کی رہائش گاہ کو قانونی قرار دے دیا گیا ہے ۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے نے وزیراعظم کو 12 لاکھ 6 ہزار روپے کا جرمانہ بھی کیا تھا، جو کہ وزیراعظم نے ادا کردیا ۔وزیراعظم عمران خان نے جرمانے کی رقم بینک ڈرافٹ کے ذریعے ادا کی ۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ سمیت 122 تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لئے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔سی ڈی اے نے سپریم کورٹ میں پیش کی گئی اپنی رپورٹ میں عمران خان کی رہائش گاہ سمیت 122 عمارات کی تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا تھا، رپورٹ کے مطابق زون 3 اور 4 میں کی گئی تعمیرات غیرقانونی ہیں ان تعمیرات کو گرانے کی ضرورت ہے۔رپورٹ کے مطابق بونیٹیکل گارڈن اور نیشنل پارک میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔ آج اس کیس میں وزیراعظم عمران خان کے گھر کو نکال دیا گیا ہے۔ جرمانہ ادا کرنے کے بعد وزیراعظم کے گھر کو قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں