پاک بحریہ کے سابق وائس ایڈمرل کورونا کے باعث داعی اجل کو لبیک کہہ گئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کےسرپرست اعلیٰ وائس ایڈمرل ریٹائرڈ سید عارف اللہ حسینی کورونا کے باعث خالق حقیقی سے جاملے۔ 59 سالہ سید عارف اللہ حسین کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد مقامی ہسپتال میں وینٹی لیٹرپر تھے جہاں آج وہ خالق حقیقی سے جاملے ہیں۔ سید عارف اللہ حسینی نے 1981ء میں پاک بحریہ میں بطور سب لیفٹیننٹ کمیشن حاصل کیا اور چین، امریکہ اور برطانیہ سے تکنیکی تربیت حاصل کی،وہ کمانڈر کراچی بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے 2017ء میں ذاتی وجوہات کی بنا پر بحیثیت وائس ایڈمرل پاک بحریہ سے ریٹائرمنٹ لی تھی جس کے بعد وہ

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سرپرست کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے ۔وائس ایڈمرل ریٹائرڈ سید عارف اللہ حسینی کی وفات پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر اور دیگر افسران نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے ۔یاد رہے کہ ملک کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نبرد آزما ہے اور موجودہ صورتحال کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے جون کے برابر قرار دیا ہے جب پاکستان نےاس وبا کے پھیلاؤ کا عروج دیکھا تھا۔ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 522 ہے جس میں سے 3 لاکھ 96 ہزار 591 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 80 تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 7 ہزار 993 مریض اس وائرس کے باعث ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے شفایاب ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار 851 رہ گئی۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 545 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 70 مریض دم توڑ گئے۔خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 ءکو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی تھی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں