پاکستان کو پہلے کبھی تنہا چھوڑا نہ ہی آئندہ چھوڑیں گے،سعودی عرب

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے۔ سعودی مملکت نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ایسی بے بنیاد خبریں بھی سامنے آئیں کہ موجودہ سعودی قیادت پاکستان سے کچھ معاملات پر ناراض ہے ، اس لیے پاکستان کی بجائے بھارت سے زیادہ پینگیں بڑھا رہی ہے۔ تاہم بعد میں ان خبروں پر پاکستانی اور سعودی حکام کی وضاحتیں بھی سامنے آئیں۔پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کا پاکستان کی محبت سے سرشار ایک اور بیان سامنے آ گیا ہے۔ سعودی سفیر نے آج پنجاب کے گورنر چودھری

محمد سرور سے ملاقات کی۔گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے بہت سے امور زیر بحث آئے۔اس موقع پر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں۔پاکستان کو پہلے کبھی تنہا چھوڑا نہ ہی آئندہ چھوڑیں گے۔ ہم پاکستان کو اپنا گھر ہی سمجھتے ہیں، اس کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سعودی سفیر سے کہا کہ دونوں ممالک کے مثالی تعلقات پاکستانیوں کیلئے قابلِ فخر ہیں۔ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلتا ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائقِ تحسین ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی جانب سے سردیوں کے امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقع پر بھی انہوں نے کہا تھا ’سعودی عرب اورپاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ سعودی حکومت اس طرح کے اقدامات کے ذریعے پاکستانیوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں