زم زم کا بابرکت پانی مسجد نبوی میں کیسے پہنچایا جاتا ہے،دلچسپ معلومات

مدینہ منورہ(نیوز ڈیسک) مسجد الحرام سے مسجد نبوی کا فاصلہ 421 کلومیٹر کا ہے۔ اس کے باوجود مسجد نبوی میں کبھی آب زم زم کی قلت نہیں ہونے پاتی۔ ہر روز ہزاروں لیٹر آب زم زم موجود ہوتا ہے جبکہ رمضان المبارک اور ایامِ حج میں اس مقدس پانی کی مقدار کئی گُنا بڑھا دی جاتی ہے۔ بہت سے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ آخرسینکڑوں کلومیٹر کی دُوری کے باوجود مدینہ منورہ میں آب زم زم کی لگاتار فراہمی کیونکر ممکن ہے۔اس حوالے سے اُردو نیوز کی ایک خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسجد نبوی کے امور کی ذمہ دار ایجنسی زمزم پہنچانے کی ذمہ دار ہے۔مسجد الحرام سے مسجد نبوی

تک روزانہ 421 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے 29 ٹینکروں کے ذریعے 150 ٹن زم زم روزانہ منتقل کیا جاتا ہے،یہ ٹینکر خاص اسٹیل کے ذریعے تیار کیے گئے ہیں، رمضان المبارک اورایام حج میں یہ 300 ٹن ہوجاتا ہے۔زمزم منتقل کرنے میں مکمل احتیاط برتنے کے لیے زمزم بھرنے اور خالی کرنے کی جگہوں پر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں،زمزم پہنچنے کے بعد اسے لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔زمزم جب ٹینکرز کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچتا ہے تو اسے فائبر سے بنے ٹینکوں میں اسٹاک کردیا جاتا ہے۔ یہ چار مرکزی ٹینک ہیں ۔ہر ایک 230 مکعب میٹر ہے۔اسی طرح ان ٹینکوں کے ساتھ تین مزید 400 مکعب میٹر کے ٹینک بھی بنائے گئے ہیں جہاں زمزم اور صاف پانی اسٹاک کیا جاتا ہے۔ذخیرہ اندوزی کے مرحلے کے بعد زمزم کو سٹینلس سٹییل پائپوں کے ذریعے ٹینکوں سے بھرنے والے مقامات پر منتقل کیا جاتا ہے۔محکمہ آب پاشی کی جانب سے کورونا وائرس کے دوران ہسپتالوں کے عملے کیلیے 2400،طبی ٹیموں کے ملازمین کے لیے 1200 بوتلیں جبکہ سیکورٹی اہلکاروں کیلیے14400 زمزم کی بوتلیں تقسیم کی گئی ہیں۔حال ہی میں ایجنسی نے مسجد نبوی میں 350 ہزار پانی کے ڈبے تقسیم کیے ہیں،اسی طرح مسجد نبوی میں بڑے پیمانے پر صاف پانی بھی تقسیم کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں