ریاض(نیوز ڈیسک)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے دفاع میں روز اول سے سعودی عرب نے کبھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر فلسطینیوں کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا مسئلہ فلسطین اور ان کے حقوق سے متعلق ہمیشہ نہ صرف ایک ہی موقف رہا ہے بلکہ فلسطینی عوام کے حقوق کا ہمیشہ دفاع بھی کیا ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب سرزمین فلسطین پر یہودی آبادکاری کو روکنے پر زور دیتا
ہے اور مسئلہ سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ایک انتہائی اہم اور بنیادی عرب مسئلہ ہے جس پر شاہ عبدالعزیز کے دور سے لیکر اب تک کبھی بھی اس کے دفاع میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِیک جہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوی پیغام میں کہا کہ سعودی عرب فلسطینیوں کے نصب العین کی غیرمتزلزل حمایت کرتا ہے۔سعودی عرب کا فلسطینی معاملے اور فلسطینیوں کے جائزحقوق کے دفاع کے حوالے سے موٴقف ہمیشہ یکساں رہا ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔سعودی مملکت فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کی یہودی بستیوں کی تعمیر کے خلاف ہے۔ سعودی حکومت فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی حمایت کرتی ہے۔جس کے مطابق فلسطینی سرزمین پر یہودی بستیوں کی تعمیر اور اسرائیلی قبضہ بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور پائیدار امن کے حصول کی راستے کی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ سعودی عرب فلسطینیوں کی باوقارزندگی کے حق کا دفاع کرتا ہے اور تنازع کے فریقین کے مابین امن کے فروغ کی اہمیت پر زوردیتا ہے۔“