متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی

دُبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحد ہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مصالحت کی پیش کش کی ہے۔ یہ دعویٰ مشہور امریکی ٹی وی بلوم برگ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ معروف ٹی وی چینل کا کہنا تھا کہ 26 فروری کو اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید کی اپنے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی جس میں اماراتی وزیر خارجہ نے پیش کش کی کہ یو اے ای حکومت بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔تاکہ دونوں ایٹمی ممالک میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ اس منصوبے کے تحت سب سے پہلے

سیز فائر کو یقینی بنانا ہو گا۔ اس کے بعد ہی آگے بڑھا جا سکے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر بھی بات چیت کی۔امارات کی جانب سے مجوزہ امن سمجھوتے کے تحت پاکستان اور بھارت دونوں اپنے سفیر دوبارہ اسلام آباد اور دہلی میں تعینات کر دیں گے۔تاہم سفیروں کی دوبارہ تعیناتی اور بھارتی و پاکستانی پنجاب کی سرحدوں کے ذریعے تجارت کی بحالی سے زیادہ بات آگے نہیں بڑھے گی۔ تاہم پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے اماراتی حکومت کی جانب سے مصالحت کی پیش کش کی خبروں پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ۔ اسی طرح یو اے ای اور بھارتی حکام بھی اس معاملے پر خاموش ہیں۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کو پیش کش کی ہے کہ ماضی کو دفن کر کے آگے بڑھا جائے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ جبکہ وزیر اعظم پاکستان نے بھی اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ کشمیر کا پُرامن حل ہو جائے تو دونوں ممالک کے درمیان امن قائم ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں