ٹک ٹاک کا جنون ایک اور جان لے گیا، شاہدرہ کا نوجوان ویڈیو بناتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگیا

لاہور (نیوز ڈیسک) شاہدرہ میں نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے ٹرین سے ٹکرا کرجاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک نے ایک اور نوجوان کی جان نگل لی۔شاہدرہ میں ایک نوجوان چلتی ٹرین کے ساتھ ویڈیو بنانے کے چکر میں جاں بحق ہو گیا،ریکسیو ذرائع کے مطابق نوجوان کی موت ٹرین سے ٹکرانے کے باعث ہوئی۔جاں بحق نوجوان کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی،پولیس نے نوجوان کی لاش تحویل میں لے کر مردہ خانہ منتقل کر دی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق نوجوان کو کئی بار ویڈیو بنانے سے منع کیا گیا اور خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا لیکن وہ ٹرین کے ساتھ ویڈیو بنانے پر بضد تھا۔

نوجوان کی اچانک موت سے گھر میں کہرام مچ گیا، اور اہلخانہ گہرے غم سے نڈھال ہیں۔پولیس کے مطابق نوجوان اپنے دوستوں کے ہمراہ ریلوے ٹریک پر ریل گاڑی آنے کے دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آ گیا۔ٹک ٹاک اس سے قبل پاکستان سمیت مختلف ممالک میں کئی لوگوں کی موت کا سبب بن چکا ہے۔ پاکستان میں آئے روز ٹک ٹاک کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں جن میں نوجوان منفرد ویڈیو بنانے کے چکر میں اپنی جان سے ہی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ پاکستان میں ٹک ٹاک کے شوقین افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتے ہیں، اس دوران ہزاروں نوجوان خطرناک انداز میں ویڈیو بنا کر ایپ پر ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں جس کے باعث گزشتہ ایک سال کے دوران درجنوں نوجوان اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ٹک ٹاک کی وجہ سے اس سے پہلے بھی کئی واقعات سننے میں آ چکے ہیں۔ گذشتہ برس کراچی کے علاقہ گلستان جوہر میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جہاں سیکیورٹی گارڈ سر پر پستول رکھ کر ٹک ٹاک ویڈیوبنارہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ٹک ٹاک کی وجہ سے ڈجکوٹ میں صارم نامی نوجوان کی جان بھی چلی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں