لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ممبر پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں ٹویٹ کرنے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو آڑے ہاتھوں لیا تاہم ٹویٹر صارفین نے صوبائی اسمبلی کی ممبر کو قومی ٹیم کے اہم بلے باز کے خلاف ٹویٹ کرنے پر کھری کھری سنادیں۔ حنا پرویز بٹ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی اور اب ایک ووٹ چور کو سپورٹ کر رہے ہو،
بہتر ہے منہ بند کر کے کرکٹ کھیلیں اور سیاست پر تبصرہ مت کریں‘‘۔حنا بٹ نے یہ ردعمل محمد حفیظ کی جانب سے عمران خان کے اعتماد کے ووٹ کی کامیابی پر کیا تھا، محمد حفیظ نے ٹویٹ پر لکھا کہ’ ماسٹر سٹروک، ووٹ آف کانفیڈنس، عمران خان پی ٹی آئی‘۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما کے ٹویٹ پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا لیکن ٹویٹر صارفین نے حنا پرویز بٹ کی جانب سے حفیظ کے خلاف غیر مہذب تبصرے پر انہیں آڑھے ہاتھوں لے لیا ۔