قطر اور سعودی عرب کی ناراضی دور ہوجانے اور صلح ہونے پر امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) میڈیارپورٹس کے مطابق اسلامی دُنیا کے دواہم ممالک قطر اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بحال ہو گئے ہیں، جس کے تحت سعودی عرب نے قطر کا برسوں سے جاری بائیکاٹ ختم کر دیا ہے ۔ دونوں خلیجی ممالک نے زمینی اور فضائی آمدورفت بحال کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے بعد سعودی عرب نے قطر کے لیے اپنی فضائی، زمینی اور سمندری حدود قطر کے لیے کھول دی ہیں۔اس خبر کو دُنیا بھر میں بہت زیادہ سراہا گیا ہے۔ خاص طور پر اُمت مسلمہ خوشی سے جھوم اُٹھی ہے۔ پاکستان ، یو اے ای، بنگلہ دیش، سعودی عرب، قطر، کویت ، بحرین ، عمان سمیت کئی

ممالک کے باشندوں نے سعودی عرب اورقطر کے درمیان کشیدگی ختم ہونے کو اسلامی اُمہ کے اتحاد کی جانب ایک اہم منزل قرار دیا ہے۔سوشل میڈیا پرپاکستانی صارفین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے سعودیہ قطر تعلقات بحالی کو اُمت کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا ہے۔ایک پاکستانی محمد علی کا کہنا ہے کہ کچھ طاقتیں اسلامی ممالک میں انتشار پیدا کر کے مسلمانو ں کے جذبہ اخوت اور اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہیں، اسی سازش کے تحت سعودیہ اور قطر میں غلط فہمیاں پیدا کی گئیں جو اللہ کے کرم سے اب دُور ہو گئی ہیں۔ تمام مسلمانوں کو دو مسلم برادر ملک کا دوبارہ مل بیٹھنا مبارک ہو۔ امارات میں مقیم گلریز خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”اسلامی ممالک اخوت یکجہتی کی ایک لڑی میں پروئے گئے، تو اسلام مخالفت قوتوں کی شکست یقینی ہو جائے گی۔اسی خوف سے کچھ طاقتیں انہیں تقسیم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ مگر سعودیہ اور قطر میں ناراضگی اور اختلافات بڑھانے والی طاغوتی طاقتوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔ آج ایک انتہائی خوشی کا دن ہے۔“ ایک قطری باشندے نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”یقینا سعودیہ ہمارے لیے ایک مقدس مقام ہے، جہاں ہمارے مذہبی مقامات موجود ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی افسوس ناک بات تھی، مگر شکر ہے کہ اب معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو گیا ہے اور مستقبل میں امید کرتے ہیں کہ ایسی کوئی بدمزگی پیدا نہیں ہو گی۔دونوں ممالک کے درمیان سفری اور سفارتی رابطے بحال ہونا بھی خوش آئند بات ہے۔

اس مصالحت کے بعد سازشی عناصر سوگ کی کیفیت میں اپنی شکست کے زخم چاٹ رہے ہیں۔“ ایک سعودی باشندے عمر نے سوشل میڈیا پر اس خبر کو نئے سال کی سب سے بڑی خوشخبری قرار دیا۔ عمر کا کہنا تھا کہ کیا ہی اچھا ہو باقی اسلامی ممالک بھی اپنے اپنے اختلافات ختم کر لیں تاکہ اسلامی ممالک ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکیں۔اسلامی اُمت کی بقا اور فلاح کا راز صرف اور صرف آپسی اتحاد میں پوشیدہ ہے۔ اگر یہ بات ہمیں سمجھ آگئی تو دُنیا بھر میں اسلام کا بول بالاہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ حفیظ خان کا کہنا تھا ’ہم پاکستانی سعودی عرب اور قطر کو دوبارہ دوستی قائم کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔بھارت سے محمد فیصل خان نے لکھا”سعودی عرب اور قطر عنقریب رقابت کا خاتمہ کرنے جا رہے ہیں۔ انشاء اللہ امن قائم ہو گا۔ “

اپنا تبصرہ بھیجیں