کشمیریوں کی تحریک عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے،پانچ جنوری کی قرارداد ایک دن ضرور رنگ لائے گی، خدیجہ زرین

اسلام آباد(پی کے نیوز) سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی چیئرپرسن وویمن ونگ محترمہ خدیجہ زرین نے کہا ہے کہ 5 جنوری کا دن کشمیریوں کیلئے اہمیت کا حامل ہے، 1949 میں اسی روز اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق میں قرار داد منظور کی اور کشمیریوں کے بنیادی حق کو تسلیم کیا، قرار داد میں کشمیریوں کو اپنی مرضی سے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تحریک عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک جائز تحریک ہے، سات دہائیاں گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہے،

ہر سال کشمیری5جنوری کو یوم حق خود ارادیت مناکر اقوام عالم کو اپنا وعدہ یاد دلاتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری آج بھی اپنے بنیادی حق کیلئے لڑ رہے ہیں، 5 اگست 2019 سے بھارت نے کشمیریوں کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور کشمیریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے، کشمیریوں کی تمام قیادت جیلوں میں ہے، بھارت لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے ذریعے حالات خراب کرنا چاہتا ہے، عالمی برادری سے اپیل ہے کہ کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے اور بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیریوں کو بنیادی حق، حق خود ارادیت دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں